ممبئی/ آواز دی وائس
مزاحیہ اداکار کپل شرما کی فلم "کس کس کو پیار کروں 2" 12 دسمبر کو سنیما گھروں میں ریلیز ہوگی۔ کپل شرما نے فلم کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان خود کیا۔ اداکار و مزاحیہ فنکار نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ایک پوسٹر شیئر کیا، جس میں وہ دولہے کے لباس میں ناظرین کی طرف دیکھ رہے ہیں، جبکہ چار دلہنیں ان کے گرد دُلہن کے لباس میں انہیں اٹھائے ہوئے دکھائی دے رہی ہیں۔
فلم کے پوسٹر پر لکھا ہے کہ ڈولی اٹھی، حادثہ گھٹا۔ کپل شرما نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ دوگنے کنفیوژن اور چار گنے مزے کے لیے تیار ہو جائیے! 'کس کس کو پیار کروں 2' فلم 12 دسمبر 2025 کو سنیما گھروں میں ریلیز ہو رہی ہے۔ یہ فلم سال 2015 میں ریلیز ہوئی مشہور کامیڈی فلم "کس کس کو پیار کروں" کا سیکوئل ہے، جس میں کپل شرما کے ساتھ ورون شرما، منجری فڈنیس، سمرن کور منڈی، سائی لوکور اور ایلی آوَرام بھی شامل تھیں۔ پہلی فلم میں کپل شرما نے کمار شیو رام کشن کا کردار ادا کیا تھا، جو چار عورتوں سے شادی کر لیتا ہے۔
نئی فلم انُکلپ گوسوامی نے لکھی اور ڈائریکٹ کی ہے، جبکہ اس کے پروڈیوسر رتن جین، گنیش جین اور عباس مستان ہیں۔ فلم میں ہیرا وریا، عائشہ خان، تردھا چودھری، منجوت سنگھ اور پارول گلاٹی بھی اہم کرداروں میں نظر آئیں گے۔