فلم ’بیل بوٹم‘ پر تین عرب ممالک نے پابندی عائد

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 21-08-2021
فلم ’بیل بوٹم‘
فلم ’بیل بوٹم‘

 

 

 آواز دی وائس : اکشے کمار کی 19 اگست کو دنیا بھر میں ریلیز ہونے والی فلم کو حقائق مسخ کرکے پیش کرنے کے الزام میں نمائش سے روکا گیا ہے۔

جن تین ممالک نے اس فلم کی نمائش پر پابندی عائد کی ہے ان میں سعودی عرب، کویت اور قطر شامل ہیں۔

ان ممالک میں فلموں کو نمائش کی اجازت دینے والے مجاز اداروں نے بیل بوٹم کو نمائش کا سرٹیفکیٹ جاری نہیں کیا ہے جس کی وجہ سے فلم سنیما گھروں میں نہیں دکھائی جاسکتی۔ 

یہ فلم 1980 کی دہائی میں بھارتی ہوائی جہاز کے اغوا کے واقعے پر بنائی گئی ہے اور فلم بنانے والوں پر الزام ہے کہ انہوں نے فلم میں حقائق کو مسخ کرکے پیش کیا۔

 ’فلم کے دوسرے حصے میں دکھایا گیا کہ ہائی جیکرز طیارے کو اغوا کرکے لاہور سے دبئی لے جاتے ہیں۔

حقیقت میں ہوا یہ تھا کہ یہ واقعہ 1984 میں پیش آیا اور اس وقت یو اے ای کے وزیر دفاع شیخ محمد بن راشد المکتوم نے ذاتی طور پر معاملے کو ہینڈل کیا اور اماراتی حکام نے ہی ہائی جیکرز کو پکڑا تھا۔‘

فلم میں اس کے برعکس اکشے کمار کو سارے آپریشن کو لیڈ کرتے ہوئے دکھایا گیا جو اس معاملے کو اماراتی وزیر دفاع سے مکمل طور پر خفیہ رکھتے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فلم کی نمائش پر پابندی کی ممکنہ وجہ یہی ہوسکتی ہے تاہم اس حوالے سے تینوں ممالک کا ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔