مہاکمبھ کی مونالیسا کی فلم کا ٹیزر ریلیز

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 12-02-2026
مہاکمبھ کی مونالیسا کی فلم کا ٹیزر ریلیز
مہاکمبھ کی مونالیسا کی فلم کا ٹیزر ریلیز

 



نئی دہلی
پریاگ راج مہاکُمبھ سے راتوں رات انٹرنیٹ سنسیشن بننے والی مونالیسا نے اب فلمی دنیا میں قدم رکھ دیا ہے۔ مونالیسا کی ڈیبیو فلم ‘دی ڈائری آف منی پور’ کا ٹریلر جاری کر دیا گیا ہے، جس میں اداکارہ ایک سادہ اور معصوم دیہاتی لڑکی کے کردار میں نظر آ رہی ہیں۔ فلم کی کہانی منی پور میں ذات پات کے مسئلے پر روشنی ڈالتی ہے۔ تاہم، فلم کی ریلیز کی تاریخ ابھی سامنے نہیں آئی ہے۔ فی الحال اس کا ٹریلر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے۔
ذات پات کی آگ میں جلتا منی پور
ٹریلر کا آغاز مونالیسا کے ایک شاٹ سے ہوتا ہے، جس میں ان کے بارے میں بتایا جاتا ہے كہمنی پور کی سب سے تنہا لڑکی مونالیسا… اسے معلوم نہیں کہ اس کی زندگی میں ایک نیا طوفان آنے والا ہے۔ اس کے دوست چند جانور، درخت، تتلیاں اور اس کا پالا ہوا ایک پِلّا ہیں۔
ٹریلر میں دکھایا گیا ہے کہ عیسائیوں کا ایک گروہ پورے شہر میں آدی واسیوں کو مختلف قسم کے لالچ دے کر ان کا مذہب تبدیل کرواتا ہے، جس کے باعث پورے شہر میں خون خرابہ اور آتش زدگی پھیل جاتی ہے۔ اسی دوران مونالیسا کو بھی بدمعاشوں سے لڑتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ تاہم پورے ٹریلر میں ان کا صرف ایک ہی مکالمہ ہے۔
ٹریلر کے اختتام پر فلم کے ہدایت کار سنوج مشرا ناظرین سے اپنی فلم کو محبت دینے کی اپیل کرتے نظر آتے ہیں۔ سنوج کہتے ہیں كہ یہ مونالیسا کی وہی فلم ہے جسے بننے سے روکنے کے لیے مجھے جھوٹے مقدمے میں جیل بھجوا دیا گیا تھا۔ میں نے جیل میں ہی اس فلم کی کہانی لکھی اور اب اسے آپ کے سامنے پیش کر رہا ہوں۔ مجھے صرف مہادیو اور آپ سب کا ساتھ چاہیے۔
فلم کے لیے مونالیسا کی فیس کتنی ہے؟
کبھی میلوں اور مہاکُمبھ میں مالائیں بیچ کر روزی کمانے والی مونالیسا ایک ہی جھٹکے میں لکھ پتی بن گئی ہیں۔ اکنامک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق مونالیسا اس فلم کے لیے 21 لاکھ روپے معاوضہ لے رہی ہیں۔ جب انہوں نے فلم سائن کی تھی، اسی وقت انہیں ایک لاکھ روپے بطور پیشگی ادائیگی مل گئے تھے۔