سنیل گروور نے جیا بچن کے پیپرازی بیان پر تنقید کی، ویڈیو وائرل

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 05-01-2026
سنیل گروور نے جیا بچن کے پیپرازی بیان پر تنقید کی، ویڈیو وائرل
سنیل گروور نے جیا بچن کے پیپرازی بیان پر تنقید کی، ویڈیو وائرل

 



ممبئی/ آواز دی وائس
بالی ووڈ کی سینئر اور نامور اداکارہ جیا بچن اکثر خبروں میں رہتی ہیں۔ حال ہی میں انہوں نے پیپرازی کے لباس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ گندی پینٹ پہن کر آتے ہیں۔ انہوں نے پیپرازی کو میڈیا ماننے سے بھی انکار کر دیا تھا۔ سوشل میڈیا پر ان کا یہ بیان خوب وائرل ہوا تھا۔ اسی دوران مشہور کامیڈین سنیل گروور نے ’دی گریٹ انڈین کپل شو‘ میں جیا بچن کے اس بیان پر طنزیہ انداز میں چٹکی لی ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ ان کا یہ ویڈیو کلپ اب سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے۔
کامیڈین سنیل گروور نے ایک بار پھر اپنی حاضر جوابی سے سب کی توجہ حاصل کی ہے۔ اس بار انہوں نے سینئر اداکارہ اور سیاست دان جیا بچن پر مزاحیہ انداز میں طنز کیا ہے۔ یہ منظر کپل شرما کے شو کے تازہ ترین ایپی سوڈ میں دیکھنے کو ملا، جہاں سنیل نے جیا بچن پر ایک چبھتا ہوا مگر ہلکے پھلکے انداز کا تبصرہ کیا۔ ’دی گریٹ انڈین کپل شو‘ کے اس کلپ نے سوشل میڈیا پر ناظرین کو خوب ہنسایا ہے۔
کپل شرما کے شو کے حالیہ ایپی سوڈ میں کارتک آریان اور اننیا پانڈے مہمان کے طور پر شامل ہوئے تھے۔ شو کے دوران سنیل گروور نے اچانک عامر خان کے کردار میں انٹری لی۔ اپنی پرفارمنس کے دوران وہ شو کے سیٹ پر پیپرازی کو پوز دیتے اور ان سے گفتگو کرتے نظر آئے۔ فوٹوگرافروں کی تعریف کرتے ہوئے وہ شرارتی انداز میں کہتے ہیں کہ کپڑے اچھے پہنے ہوئے ہیں تم نے، پینٹ اچھی ہے آج ۔ جسے کئی ناظرین نے جیا بچن کے پیپرازی سے متعلق حالیہ متنازع بیان پر طنز کے طور پر لیا۔
واضح رہے کہ جیا بچن نے حال ہی میں پیپرازی پر تنقید کرتے ہوئے سرخیاں بٹوری تھیں۔ ممبئی میں منعقدہ ’وی دی ویمن‘ پروگرام کے دوران برکھا دت کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے راجیہ سبھا کی رکن نے کہا تھا کہ فوٹوگرافر “گندی پینٹ پہنتے ہیں” اور ساتھ ہی ان کی تعلیم پر بھی سوال اٹھائے تھے۔ ان کا یہ ویڈیو بعد میں تنازع کا سبب بھی بن گیا تھا۔