راشٹرپتی بھون میں فلم تنوی دی گریٹ کی اسپیشل اسکریننگ

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 12-07-2025
راشٹرپتی بھون میں فلم تنوی دی گریٹ کی اسپیشل اسکریننگ
راشٹرپتی بھون میں فلم تنوی دی گریٹ کی اسپیشل اسکریننگ

 



ممبئی/ آواز دی وائس
آٹزم اور ہندوستانی فوج پر مبنی انوپم کھیر کی فلم "تنوی دی گریٹ" کی ایک اسپیشل اسکریننگ جمعہ کو راشٹرپتی بھون میں منعقد کی گئی۔ اس موقع پر صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کے ساتھ فلم کی اسٹار کاسٹ بھی موجود تھی، جن میں انوپم کھیر، بومن ایرانی، کرن ٹیکر اور شبھنگی شامل تھے۔ فلم دیکھنے کے بعد صدر نے تالیاں بجا کر فلم کی تعریف کی۔
انوپم کھیر نے اپنے انسٹاگرام پر اس اسپیشل اسکریننگ کی تصاویر شیئر کیں۔ کیپشن میں انہوں نے لکھا کہ یہ ہمارے لیے فخر کا سب سے بڑا لمحہ تھا کہ ملک کی صدر اور ہندوستانی مسلح افواج کی سپریم کمانڈر نے ہماری فلم دیکھی اور آخر میں اس کی بھرپور ستائش کی۔ یہ کسی خواب کے سچ ہونے جیسا لمحہ تھا۔ بطور ڈائریکٹر ملک کے سب سے بڑے عہدے سے ایسا سپورٹ ملنا میرے لیے واقعی ’کچھ بھی ہو سکتا ہے‘ والا لمحہ ہے۔ صدر نے ثابت کر دیا کہ ہماری فلم کا ٹیگ لائن ’الگ ہے پر کم نہیں‘ بالکل درست ہے۔
شبھنگی دت نے کہا کہ ہم بہت خوشی محسوس کر رہے ہیں۔ صدر نے ہماری فلم دیکھی۔ انہوں نے ہمارے کام اور فلم کی تعریف کی۔ ہم اس وقت راشٹرپتی بھون میں ہیں۔ ہم خود کو بہت خوش نصیب اور شکر گزار محسوس کر رہے ہیں۔ ایسا لگ رہا ہے جیسے ہم کسی خواب میں ہوں۔
قابل ذکر ہے کہ اس فلم میں ہندوستانی فنکاروں کے ساتھ ساتھ کچھ بین الاقوامی فنکار بھی نظر آئیں گے۔ فلم میں جیکی شراف، اروند سوامی، بومن ایرانی، پلوَی جوشی، کرن ٹیکر، ناصر، انوپم کھیر اور ایان گلین اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ فلم سے آسکر ایوارڈ یافتہ موسیقار ایم ایم کیروآنی اور ساؤنڈ ڈیزائنر ریسول پوکوٹی بھی وابستہ ہیں۔ فلم کی تصویربندی جاپان کے سنیماٹوگرافر کیئیکو ناکاہارا نے کی ہے۔
تنوی دی گریٹ" کو انوپم کھیر اسٹوڈیوز نے این ایف ڈی سی کے ساتھ مل کر پروڈیوس کیا ہے۔ فلم کی عالمی تقسیم کا ذمہ رتیش سدھوانی اور فرحان اختر کی پروڈکشن کمپنی ایکسل انٹرٹینمنٹ اور انیل ٹھڈانی کی کمپنی اے اے فلمز سنبھال رہی ہیں۔ حال ہی میں اس فلم کو کانز فلم فیسٹیول میں بھی دکھایا گیا، جہاں اسے خوب سراہا گیا۔