نئی دہلی/ آواز دی وائس
بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان کی آنے والی فلم "کنگ" کے سیٹ سے ان کا نیا ایکشن لک لیک ہو گیا ہے، جس نے سوشل میڈیا پر خوب دھوم مچا دی ہے۔ اس وائرل تصویر میں شاہ رخ خان ہاتھ میں بندوق لیے ایک ایکشن سین کے لیے تیار دکھائی دے رہے ہیں۔
تصویر میں شاہ رخ سیاہ سوٹ اور گہرے دھوپ کے چشمے میں ایک گودی (ڈاک) کے قریب کھڑے نظر آ رہے ہیں۔ ان کے بائیں ہاتھ میں بندوق ہے جس سے وہ کسی پر نشانہ لگا رہے ہیں۔ یہ منظر مداحوں کے درمیان خاصا موضوعِ گفتگو بن گیا ہے۔ کئی پرستار اس لک کا موازنہ شاہ رخ کی کامیاب فلم "ڈان" سے کر رہے ہیں۔
حالانکہ فلم کے ہدایت کار اور ٹیم نے شوٹنگ کے مناظر کو خفیہ رکھنے کی پوری کوشش کی ہے، لیکن شاہ رخ کے کئی الگ الگ لک پہلے بھی لیک ہو چکے ہیں۔ اس سے قبل ایک تصویر میں وہ سفید بالوں اور ٹیٹو کے ساتھ بھی دکھائی دیے تھے، جس نے ناظرین کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی تھی۔
ابتدا میں فلم "کنگ"*کی ہدایت کاری سجوئے گھوش کر رہے تھے، لیکن بعد میں اس کی ذمہ داری سدھارتھ آنند نے سنبھالی، جنہوں نے شاہ رخ کی بلاک بسٹر فلم "پٹھان" کی بھی ہدایت کاری کی تھی۔
اس فلم کی خاص بات یہ ہے کہ شاہ رخ خان کی بیٹی سہانا خان پہلی بار بڑے پردے پر اداکاری کرتی نظر آئیں گی۔ سہانا ایک شاگردہ کا کردار نبھا رہی ہیں، جسے شاہ رخ، جو ایک تجربہ کار قاتل کے کردار میں ہیں، تربیت دیتے ہیں۔
اس ایکشن تھرلر فلم میں شاہ رخ خان اور سہانا خان کے ساتھ رانی مکھرجی، دیپیکا پڈوکون، ابھیشیک بچن، جئے دیپ اہلوات، انیل کپور اور ابھے ورما سمیت کئی اور فنکار بھی شامل ہیں۔ یہ فلم 2026 میں ریلیز ہونے والی ہے۔