ممبئی/ آواز دی وائس
بالی وُڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان ایک بار پھر بڑے پردے پر دھوم مچانے کے لیے تیار ہیں۔ اُن کی آنے والی فلم "کنگ" کے اعلان نے جس انداز میں شائقین کو حیران کیا، اُس نے فینز کو جھومنے پر مجبور کر دیا۔
۔2 نومبر کو شاہ رخ خان کی سالگرہ کے موقع پر ریلیز ہونے والی فلم کی جھلک نے سوشل میڈیا پر تہلکہ مچا دیا۔ لوگوں نے نہ صرف اُن کے سالٹ اینڈ پیپر لُک کی تعریف کی بلکہ فلم کے شاندار پروڈکشن اسکیل کو دیکھ کر دنگ رہ گئے۔ ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ اس بار شاہ رخ خان صرف اداکاری نہیں بلکہ ایک عالمی ایکشن تجربہ لے کر آ رہے ہیں۔
کنگ کا بجٹ پٹھان اور جوان سے بھی زیادہ
رپورٹس کے مطابق فلم "کنگ" کا بجٹ تقریباً 350 کروڑ روپے ہے۔ اس بار شاہ رخ خان کی فلم صرف "کنگ" نہیں بلکہ مہابلی ہے۔ ہدایتکار سدھارتھ آنند، جنہوں نے "پٹھان" اور "وار" جیسی بلاک بسٹر فلمیں دی ہیں، اب اپنے ایکشن اسٹائل کو بین الاقوامی سطح پر لے جا رہے ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ فلم میں چھ زبردست ایکشن مناظر شامل ہوں گے جن میں سے آدھے اصلی لوکیشنز پر شوٹ کیے جائیں گے۔ سوچئے، جب پردے پر گاڑیاں اُڑیں گی، ہیلی کاپٹرز تباہ ہوں گے اور شاہ رخ خان کا انٹری سین آئے گا تو سنیما ہال میں ناظرین کو کرسی پر بیٹھنا مشکل ہو جائے گا۔
انٹری سین بنے گا فلم کی جان
ہر فلم میں ایک ایسا لمحہ ہوتا ہے جب ناظرین خود بخود سیٹی بجانے لگتے ہیں۔ "کنگ" میں وہ لمحہ ہوگا شاہ رخ خان کا انٹری سین۔ خبر ہے کہ اس ایک سین پر ہی کروڑوں روپے خرچ کیے جا رہے ہیں تاکہ "کنگ خان" کی انٹری تاریخی بن جائے۔ فلم کے میکرز کا کہنا ہے کہ اس بار شاہ رخ کے فینز صرف تالیاں نہیں بجائیں گے بلکہ کھڑے ہو کر نعرہ لگائیں گے ۔ شاہ رخ اِز بیک!۔۔۔یہ وہ منظر ہوگا جو ناظرین آنے والے برسوں تک یاد رکھیں گے۔
جب بیٹی کی جگہ والد بنے ہیرو
دلچسپ بات یہ ہے کہ "کنگ" کی کہانی کی ابتدا میں منصوبہ کچھ اور تھا۔ پہلے اس فلم میں سہانہ خان کو مرکزی کردار کے لیے چُنا گیا تھا اور ہدایتکار تھے سُجائے گھوش۔ اُس وقت فلم کا بجٹ تقریباً 150 کروڑ روپے طے ہوا تھا۔ لیکن جب شاہ رخ خان نے خود فلم میں مرکزی کردار ادا کرنے کا فیصلہ کیا، تو سارا کھیل بدل گیا۔ اس کے بعد اسکرپٹ بدلا، ڈائریکٹر بدلا، اور بجٹ سیدھا 350 کروڑ تک جا پہنچا۔