شاہ رخ خان کے گھر میں کمرہ نہیں فلور ہوتا ہے: راگھو جوئیل

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 06-10-2025
شاہ رخ خان کے گھر میں کمرہ نہیں فلور ہوتا ہے: راگھو جوئیل
شاہ رخ خان کے گھر میں کمرہ نہیں فلور ہوتا ہے: راگھو جوئیل

 



ممبئی/ آواز دی وائس
اداکار راگھو جوئیل نے حال ہی میں شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی ڈائریکٹوریل ڈیبیو سیریز دی بیڈز آف بالیووڈ میں کام کیا ہے۔ اس شو میں راگھو نے پرویز کا کردار نبھایا جو مرکزی کردار آسمان  کا بہترین دوست ہے۔ یہ سیریز نیٹ فلکس انڈیا پر ریلیز ہوئی ہے۔ اسی دوران راگھو کو پہلی بار شاہ رخ خان کے شاندار گھر "منت" جانے کا موقع ملا۔
راگھو نے بتایا کہ وہ شاہ رخ خان کے زبردست مداح ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب میں پہلی بار منت گیا تو اندر جانے سے پہلے مجھے اسکینر سے گزرنا پڑا۔ وہاں سب کو شک تھا کہ یہ بندہ کون ہے، کہیں کام مانگنے تو نہیں آیا؟ گھر میں داخل ہونے کے بعد راگھو نے لاشعوری طور پر آریان سے پوچھ لیا کہ تمہارا کمرہ کون سا ہے؟لیکن فوراً احساس ہوا کہ یہ عام گھر نہیں بلکہ شاہ رخ خان کا محل نما بنگلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے تب سمجھ آیا کہ منت میں کمرے نہیں ہوتے بلکہ فلور ہوتے ہیں۔ آریان مسکرا کر بولا: چلو اوپر چلتے ہیں۔ پھر ہم نے بیٹھ کر باتیں کیں اور اس کے دوستوں کے ساتھ ڈنر پر گئے۔
اس یادگار لمحے کے بعد راگھو نے فوراً اپنی ماں کو فون کیا اور کہا کہ ممی، میں ابھی منت سے آرہا ہوں۔ ان کی ماں اتنی پرجوش ہو گئیں کہ پوچھنے لگیں کہ اندر سے کیسا ہے؟ باتھ روم دیکھا؟ لائبریری کیسی ہے؟ راگھو نے ہنستے ہوئے جواب دیا کہ ممی، میں وہاں بروکر بن کر نہیں گیا تھا۔۔
راگھو نے بتایا کہ ان کے گھر والے سبھی شاہ رخ خان کے بڑے مداح ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم بچپن سے ہی شاہ رخ کے دیوانے ہیں۔ میں فخر سے کہتا ہوں کہ میں ان کا سب سے بڑا مداح ہوں۔ ہمارے گھر میں سب شاہرخ کے مداح ہیں۔ ہم نے تو آركٹ کے زمانے سے ہی ان کے فین اکاؤنٹ بنائے ہوئے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی یاد دلایا کہ ان کی شاہ رخ خان سے پہلی ملاقات 2014 میں فلم ہیپی نیو ائیر کے دوران ہوئی تھی، جب انہوں نے اس فلم میں ڈانس کیا تھا۔ اس کے بعد کئی شوز میں ان کی ملاقات ہوتی رہی۔
راگھو نے کہا کہ یہ پہلا موقع تھا جب میں سیدھے آریان کے ساتھ کام کر رہا تھا۔ میرا انتخاب آڈیشن کے ذریعے ہوا اور اس کے بعد کی کہانی واقعی خاص رہی۔
رپورٹس کے مطابق، راگھو اب سدھارتھ آنند کی گینگسٹر تھرلر کنگ میں بھی نظر آئیں گے، جس میں شاہ رخ خان مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں اور فلم کو ریڈ چلیز انٹرٹینمنٹ پروڈیوس کر رہا ہے۔