ممبئی/ آواز دی وائس
شاہ رُخ خان نے فلم انڈسٹری کے تقریباً تمام بڑے ڈائریکٹروں کے ساتھ کام کیا ہے، جن میں سنجے لیلا بھنسالی، فرحان اختر، کرن جوہر، آشو توش گواریکر اور فرح خان جیسے نام شامل ہیں۔ لیکن ایک ڈائریکٹر ایسے بھی ہیں جن کے ساتھ شاہ رُخ نے کبھی کام نہیں کیااور وہ ہیں رام گوپال ورما۔ ‘ستیا’ (1998) اور ‘رنگیلا’ (1995) جیسی مشہور و معروف فلموں کے ہدایت کار ورما نے حال ہی میں بالی ووڈ کے ’بادشاہ‘ کے ساتھ کبھی کام نہ کرنے کی اصل وجہ بیان کی ہے۔
گفتگو کرتے ہوئے، جہاں وہ اپنے کئی پروجیکٹس، دوستی اور تلخیوں پر بات کر رہے تھے، ورما سے شاہ رُخ کے ساتھ ایک ایسے پروجیکٹ کے بارے میں پوچھا گیا جو کبھی بن نہیں پایا۔ اس کی تصدیق کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ شاہ رُخ سے کئی ملاقاتوں کے باوجود، انہیں ہمیشہ ایسا محسوس ہوتا تھا کہ شاہ رُخ کے ساتھ کام کرنے میں کوئی نہ کوئی عدم مطابقت ضرور ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری کئی ملاقاتیں ہوئیں، مگر ایک بات جو میں ہمیشہ محسوس کرتا تھا، وہ یہ کہ شاہ رُخ ہر وقت توانائی سے بھرپور رہتے ہیں۔ جبکہ میری فلم سازی کا انداز بہت زیادہ سنجیدہ اور گہرائی لیے ہوتا ہے۔ مجھے لگتا تھا کہ شاہ رُخ پر اس طرح کی پابندیاں لگانا، نہ ان کے ساتھ انصاف ہوگا اور نہ اُن مداحوں کے ساتھ جو اُن سے کچھ خاص توقعات رکھتے ہیں۔
رام گوپال ورما نے آگے کہا کہ مجھے لگتا تھا کہ میں شاہ رُخ اور ان کی شخصیت کو سنبھالنے کے لیے کافی موزوں ڈائریکٹر نہیں ہوں، کیونکہ وہ میری فلم میکنگ اسٹائل کے مطابق نہیں بیٹھتے۔ مثال کے طور پر، ایک وقت ایسا بھی تھا جب میں نے انہیں ’کمپنی‘ کے لیے رابطہ کیا تھا، لیکن پھر مجھے لگا کہ ’مالک‘ کا کردار بہت پُرسکون اور تھوڑا سا بے پروا سا ہونا چاہیےاور یہ شاہ رُخ کی اسکرین پرسے بالکل الٹ تھا۔ میرے پاس اُن کے لیے ایک بہترین کہانی تھی، مگر وہ بن نہیں پائی۔
ورما نے مزید کہا کہ شاہ رُخ کو اپنی فلموں میں کسی ڈائریکٹر کی زیادہ ضرورت نہیں ہوتی۔ انہوں نے شاہ رُخ کی اس صلاحیت کی تعریف کی کہ وہ بغیر کسی مدد کے منظر کو کیمرے میں ڈھال دیتے ہیں۔ ورما کے مطابق ، جب آپ شاہ رُخ کو کسی سین کے بارے میں بتاتے ہیں، تو وہ فوراً اٹھ کر اسے کر دکھاتے ہیں۔ وہ زبردست اداکار ہیں۔ پھر مجھے محسوس ہوا کہ ان کی فلم میں میرے کرنے کے لیے کچھ ہے ہی نہیں۔ میں نہیں سمجھتا کہ ڈائریکٹر ان کی فلموں میں کوئی بہت بڑا فرق ڈال سکتے ہیں، کیونکہ وہ ایسے فنکار ہیں جو کسی مدد کے بغیر بھی کیمرہ سنبھال کر ناظرین کا دل موہ لیتے ہیں۔ یہ ایک بالکل مختلف قسم کی اسٹارڈم ہے۔