ممبئی/ آواز دی وائس
بالی وُڈ کی لیجنڈری اداکارہ شبانہ اعظمی 75 برس کی ہو گئی ہیں۔ 18 ستمبر 1950 کو پیدا ہونے والی شبانہ اعظمی کے والد کیف اعظمی ایک مشہور شاعر اور گیت کار تھے جبکہ والدہ شوکت اعظمی تھیٹر کی معروف اداکارہ تھیں۔ شبانہ نے گریجویشن کی تعلیم دہلی کے سینٹ زیویرز کالج سے مکمل کی اور اس کے بعد انہوں نے پونے فلم انسٹی ٹیوٹ میں داخلہ لے لیا۔
پونے میں اداکاری کی تربیت حاصل کرنے کے بعد شبانہ اعظمی 1973 میں ممبئی آئیں تاکہ اداکارہ بننے کا خواب پورا کر سکیں۔ یہاں ان کی ملاقات فلم ساز و ہدایت کار خواجہ احمد عباس سے ہوئی، جنہوں نے انہیں اپنی فلم "فاصلے" میں کام کرنے کی پیشکش کی۔ تاہم اس فلم کی تکمیل سے پہلے ہی ان کی فلم "انکُر" ریلیز ہو گئی۔
شام بینیگل کی ہدایت میں بنی اور 1974 میں ریلیز ہونے والی فلم "انکُر" حیدرآباد کی ایک سچی کہانی پر مبنی تھی۔ اس فلم میں شبانہ اعظمی نے لکشمی نامی ایک دیہی لڑکی کا کردار ادا کیا، جو شہر سے آئے ایک کالج اسٹوڈنٹ سے محبت کرنے لگتی ہے۔ فلم کی کہانی شام بینیگل نے کئی اداکاراؤں کو سنائی تھی لیکن سب نے اس فلم میں کام کرنے سے انکار کر دیا۔
کریئر کے ابتدائی دور میں ایسا کردار کسی بھی اداکارہ کے لیے خطرہ بن سکتا تھا، لیکن شبانہ اعظمی نے اسے ایک چیلنج کے طور پر قبول کیا اور اپنے شاندار اداکاری سے نہ صرف ناقدین بلکہ ناظرین کے دل بھی جیت لیے اور فلم کو سپر ہٹ بنا دیا۔ اس فلم میں شاندار اداکاری کے لیے انہیں بہترین اداکارہ کے قومی ایوارڈ سے نوازا گیا۔
۔1975 میں شام بینیگل کی ہی فلم "نشانت" میں شبانہ اعظمی کو دوبارہ کام کرنے کا موقع ملا۔ 1977 شبانہ اعظمی کے فلمی کریئر کا ایک اہم موڑ ثابت ہوا۔ اس سال انہیں جہاں عظیم فلم ساز ستیاجیت رے کی فلم "شطرنج کے کھلاڑی" میں کام کرنے کا موقع ملا، وہیں فلم "سوامی" میں شاندار اداکاری کے لیے انہیں بہترین اداکارہ کا فلم فیئر ایوارڈ ملا۔
اسی دوران شبانہ اعظمی نے کمرشل سنیما کی طرف بھی قدم بڑھایا اور ونود کھنہ کے ساتھ "پرورش" اور "امر اکبر انتھنی" جیسی کامیاب فلموں میں کام کیا، جن کی کامیابی نے انہیں کمرشل فلموں میں بھی مقبول بنا دیا۔ 1982 میں ریلیز ہونے والی فلم "ارتھ" شبانہ اعظمی کے کریئر کی ایک اور اہم فلم ثابت ہوئی۔
مہیش بھٹ کی ہدایت کاری میں بنی اس فلم میں شبانہ اعظمی نے ایک شادی شدہ عورت کا کردار ادا کیا جسے شوہر دوسری عورت کے لیے چھوڑ دیتا ہے۔ اس فلم کے لیے شبانہ اعظمی کو دوسری بار بہترین اداکارہ کے قومی ایوارڈ سے نوازا گیا۔ 1983 میں ریلیز ہونے والی فلم "منڈی" شبانہ اعظمی کی اہم ترین فلموں میں شمار کی جاتی ہے۔ شام بینیگل کی اس فلم میں انہوں نے ایک کوٹھے کی مالک رُکمنی بائی کا کردار پہلی بار بڑے پردے پر نبھایا۔ اس فلم کے لیے وہ فلم فیئر ایوارڈ کی بہترین اداکارہ کیٹیگری میں نامزد بھی ہوئیں۔
۔1984 میں شبانہ اعظمی کی مرنال سین کی ہدایت میں بنی فلم "کھنڈہر" اور 1985 میں گوتم گھوش کی ہدایت میں بنی فلم "پار" ریلیز ہوئیں۔ ان دونوں فلموں میں ان کے اداکاری کے الگ الگ رنگ دیکھنے کو ملے۔ ان دونوں ہی فلموں کے لیے انہیں بہترین اداکارہ کے قومی ایوارڈ سے نوازا گیا۔
۔1986 میں انڈو-فرینچ بیلجیئن-سوئس پروڈکشن کے تحت بنی فلم "جینیسس" بھی شبانہ اعظمی کے لیے ایک اہم فلم ثابت ہوئی۔ مرنال سین کی ہدایت میں بنی اس فلم میں ایک مرد اور عورت کے درمیان محبت اور تنازعے کو دکھانے کے ساتھ ساتھ راجستھان کے ریگستان کی خوبصورتی کو بھی پیش کیا گیا تھا۔ اس فلم میں نصیرالدین شاہ اور اوم پوری نے بھی اہم کردار ادا کیے۔
۔1996 میں ریلیز ہونے والی فلم "فائر" سے شبانہ اعظمی کو بین الاقوامی شہرت حاصل ہوئی۔ دیپا مہتا کی ہدایت میں بنی اس متنازع فلم میں انہوں نے رادھا نامی خاتون کا کردار ادا کیا جو ایک دوسری عورت سے محبت کرنے لگتی ہے۔ ہم جنس پرستی کے موضوع پر بنی یہ ہندوستان میں پہلی فلم تھی۔ اس فلم میں ان کی شاندار اداکاری کے لیے انہیں شکاگو فلم فیسٹیول میں بھی ایوارڈ دیا گیا۔
۔1999 میں ریلیز ہونے والی فلم "گاڈ مدر" میں شبانہ اعظمی نے ایک ایسی عورت کا کردار ادا کیا جو شوہر کی موت کے بعد مافیا ڈان بن کر بدعنوان سیاسی نظام کے خلاف آواز اٹھاتی ہے اور اپنے شوہر کے قتل کا بدلہ لیتی ہے۔ اس فلم کے لیے بھی انہیں بہترین اداکارہ کا قومی ایوارڈ دیا گیا۔
شبانہ اعظمی نے جاوید اختر سے شادی کی ہے۔ وہ چار بار فلم فیئر ایوارڈ سے نوازی جا چکی ہیں۔ فلموں میں ان کی شاندار خدمات کو دیکھتے ہوئے 2006 میں انہیں پدم شری ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔ شبانہ اعظمی نے اپنے چار دہائی طویل فلمی کریئر میں اب تک تقریباً 140 فلموں میں اداکاری کی ہے۔