سری نگر/ آواز دی وائس
ہدایت کار روہت شیٹی ان دنوں اپنی آنے والی فلم 'سنگھم 3' کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔ اس دوران روہت شیٹی نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ انسٹاگرام سے وادی کی ایک ویڈیو شیئر کی ہے۔ اس میں انہوں نے نئے ہندوستان کے نئے کشمیر کے بارے میں اپنا تجربہ لوگوں کے ساتھ شیئر کیا ہے۔
اس کے ساتھ روہت شیٹی نے ویڈیو کے ذریعے یہ دکھانے کی بھی کوشش کی ہے کہ جموں و کشمیر سے آرٹیکل 370 ہٹائے جانے کے بعد کیا تبدیلیاں آئی ہیں۔ ایک منٹ 26 سیکنڈ کے اس ویڈیو میں روہت شیٹی نے بتایا کہ پہلے کشمیر میں دہشت گردی کی وجہ سے بدامنی پھیلی ہوئی تھی۔ جس کی وجہ سے وادی میں آئے روز کرفیو نافذ رہا اور کشمیری لوگ خوف کے مارے گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے۔
وہاں کے لوگوں کی کوئی سماجی زندگی نہیں تھی۔ لیکن کشمیر سے آرٹیکل 370 ہٹائے جانے کے بعد وہاں کے لوگ خوشحال ہو گئے۔ نوجوان اب ہر میدان میں ترقی کر رہے ہیں
اس کے ساتھ ہی روہت شیٹی نے ویڈیو کے ذریعے بتایا کہ وادی میں سیاحت کو فروغ ملا ہے اور اب وہاں امن نظر آرہا ہے۔ لوگوں میں محبت کی فضا بھی ہے۔
ویڈیو شیئر کرتے ہوئے روہت شیٹی نے انسٹا پر لکھا کہ انتہائی حیرت انگیز اور جذباتی شیڈول۔ کشمیر کے لیے آپ کی بے پناہ محبت کا شکریہ۔ اس کے ساتھ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی اور وزارت داخلہ کو بھی ٹیگ کیا۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کشمیر میں فلم کی شوٹنگ کے دوران بالی ووڈ اداکار اجے دیوگن اور جیکی شراف کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ لوگ ان کے ساتھ سیلفی لینے کے لیے بہت پرجوش نظر آئے۔
تمام اداکار فلم کی شوٹنگ کے دوران لوگوں کو مبارکباد بھی دے رہے ہیں۔ سال 2011 میں روہت شیٹی نے اداکار اجے دیوگن کے ساتھ فلم 'سنگھم' بنائی تھی، جسے شائقین نے بے حد پسند کیا تھا اور یہ فلم باکس آفس پر سپر ہٹ رہی تھی۔ اس کے بعد اس کا دوسرا حصہ 'سنگھم ریٹرنز' 2014 میں بنایا گیا۔ یہ فلم بھی سپرہٹ ثابت ہوئی۔ اب 2024 میں روہت شیٹی 'سنگھم اگین' کا تیسرا سیکوئل لے کر آرہے ہیں۔