آسکر کے لیے صحیح فلمیں نہیں بھیجی جا رہی:اے آر رحمان

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 19-03-2023
آسکر کے لیے صحیح فلمیں نہیں بھیجی جا رہی:اے آر رحمان
آسکر کے لیے صحیح فلمیں نہیں بھیجی جا رہی:اے آر رحمان

 

 

ممبئی : حال ہی میں،آرآر آر کے گانے 'ناٹو-ناٹو' اور 'ایلیفینٹ وِسپرر' نامی دستاویزی فلم نے آسکر جیتا ہے۔ پورا ملک اس کا جشن منا رہا ہے۔ اس دوران دو بار آسکر ایوارڈ یافتہ اے آر رحمان کا بیان سامنے آیا ہے۔ انہیں لگتا ہے کہ آسکر جیسے بڑے ایوارڈز کے لیے صحیح فلمیں نہیں بھیجی جا رہی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ہندوستانی فلمیں فائنل سلیکشن کے لیے نہیں جا رہی ہیں۔

گلوکار، گیت نگار، موسیقار اے آر رحمان نے موسیقی کے لیجنڈ ایل سبرامنیم کے ساتھ بات چیت میں کہا، "کبھی کبھی میں دیکھتا ہوں کہ ہماری فلمیں آسکر میں جاتی ہیں لیکن انہیں نہیں ملتا۔ آسکر کے لیے غلط فلمیں بھیجی جا رہی ہیں۔ رحمان اور سبرامنیم کے درمیان ہونے والی بات چیت کی ویڈیو بدھ کی شام ایک یوٹیوب چینل پر اپ لوڈ کی گئی۔ یہ ویڈیو ایس ایس راجامولی کے آرآر آر کے تیلگو گانے 'ناٹو ناتو' کے لیے بہترین اوریجنل گانے کے آسکر جیتنے کے چند دن بعد اپ لوڈ کی گئی ہے۔

آپ کو بتاتے چلیں کہ رحمان نے 2009 میں 'سلم ڈاگ ملینیئر' کے اپنے گانے جئے ہو کے لیے اسی کیٹیگری میں آسکر جیتا تھا۔ اہم بات یہ ہے کہ اس گفتگو کے دوران رحمان نے اپنے موسیقی کے سفر کے بارے میں بھی بات کی۔ انہوں نے اپنے میوزک کمپوزیشن کے پیچھے تخلیق کے بارے میں بھی بتایا۔ سبرامنیم نے بتایا کہ کس طرح رحمان نے اپنی پہلی فلم میں ہی مختلف انداز میں کام کیا۔

انہوں نے سوال کیا کہ کیسے رحمان نے اپنے کیریئر کے آغاز سے ہی کچھ مختلف کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا، ’’جب بھی کوئی شروع کرتا ہے تو کامیابی ثابت کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ وہ مختلف کام کرنے کا چیلنج نہیں اٹھاتا۔" اس پر رحمان نے کہا، ''میں وہ نہیں کرنا چاہتا تھا جو باقی سب کر رہے تھے۔ میں اس سے خوش رہنا چاہتا تھا۔"