ریڈ سی فیسٹیول: کپل دیو پر بنی فلم ’83‘ کا پریمیئر

Story by  منصورالدین فریدی | Posted by  [email protected] | Date 17-12-2021
ریڈ سی فیسٹیول: کپل دیو پر بنی فلم ’83‘ کا پریمیئر
ریڈ سی فیسٹیول: کپل دیو پر بنی فلم ’83‘ کا پریمیئر

 


جدہ : سعودی عرب کے شہر جدہ میں رنگا رنگ ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول اپنے اختتام کو پہنچ گیا ہے، جس کے دوران سعودی فلمسازوں اور فنکاروں کے علاوہ دنیا بھر سے فنکاروں نے شرکت کی اور چار چاند لگائے۔اس فیسٹیول میں بالی وڈ فلم ’83‘ کا ورلڈ پریمیئر بھی ہوا۔ ہدایت کار کبیر خان کی یہ فلم سابق کرکٹر کپل دیو کی کہانی بیان کرتی ہے، جس میں مرکزی کردار رنویر سنگھ نے ادا کیا ہے۔

کپل دیو نے 1983 میں لندن میں ہونے والی کرکٹ ورلڈ کپ میں ہندوستانی ٹیم کو پہلی فتح دلائی تھی۔

’83‘ ایک پیچیدہ فلم ہے، جس میں ہندوستانی کرکٹ ٹیم کی اس فتح کو دوبارہ تخلیق کیا گیا ہے جبکہ اس فلم میں کام کرنے والے اداکاروں نے ان کھلاڑیوں کی نگرانی میں مہینوں تربیت حاصل کی، جن کی وہ نمائندگی کرنے جارہے تھے۔

پریمیئر کے موقع پر ہدایت کار کبیر خان، سابق ہندوستانی کرکٹرز مہندر امرناتھ اور کپل دیو کے ساتھ ساتھ اداکار رنویر سنگھ اور دپیکا پاڈوکون نے بھی شرکت کی۔مہندر امرناتھ نے کہاکہ میرے خیال میں یہ اپنی نوعیت کی پہلی فلم ہے اور مجھے خوشی ہے کہ اس کی ہدایات کبیر خان کے حصے میں آئی کیونکہ ان میں جنون ہے اور وہ کھیل سے محبت کرتے تھے۔

دوسری جانب کپل دیو نے کہاکہ اس فلم سے پہلے میں سوچتا تھا کہ فلمیں بہت آسان ہیں، لیکن جب میں نے ان لڑکوں کو اس سب سے گزرتے ہوئے دیکھا تو میں نے کہا کہ یہ ہمارے تصور سے کہیں زیادہ مشکل ہے۔

۔‘1983  میں ٹیم کی فتح کے حوالے سے مہندرا امرناتھ نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ (وہ) جیت ہندوستان کے لیے بہت بڑی تھی کیونکہ میرے خیال میں اصل اچھی چیزیں 1983 کے بعد سامنے آنا شروع ہوئی تھیں اور مجھے خوشی ہے کہ ہم نے اس کھیل کو بڑا بنانے میں کچھ حصہ دار رہا۔

awazurdu

انہوں نے مزید کہا کہ ’میرے خیال میں یہ 1983 کا آغاز تھا۔

کپل دیو نے بھارتیوں کی کرکٹ سے محبت کو بیان کرتے ہوئے کہا: ’ہمارے ملک میں کرکٹ کو ہر کوئی پسند کرتا تھا اور یہ (فتح) ملک کے لیے ضروری تھی۔ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ یہ سب سے اہم چیز ہے۔ ہم بہت فخر محسوس کرتے ہیں۔ ہم نے وہ حاصل کیا جس کی کسی کو توقع نہیں تھی اور ملک ایک ہوگیا۔

دوسری جانب فلم ’83‘ کے ڈائریکٹر کبیر خان نے بھی فیسٹیول میں شرکت پر خوشی کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہاکہ ’ریڈ سی فلم فیسٹیول میں آکر بہت پرجوش ہوں۔ یہ ایک ورلڈ پریمیئر ہے اور پہلی بار ہے جب ہم اسے بڑی تعداد میں ناظرین کے سامنے دیکھنے جا رہے ہیں۔

کبیر خان نے مزید کہاکہ مجموعی طور پر اس خطے نے ہمیشہ بھارتی سینیما کو بہت مضبوطی سے سپورٹ کیا ہے۔ اس لیے میرے خیال میں سب کچھ اپنے مقام پر آگیا ہے اور ہم یہاں ورلڈ پریمیئر کے انعقاد پر بہت پرجوش ہیں۔بالی وڈ اداکار سلمان خان نے بھی اپنی ٹیم کے ساتھ حال ہی میں سعودی عرب میں جاری ریاض سیزن میں شرکت کی تھی۔دا بینگ ٹور‘ میں سلمان خان کے ساتھ شلپا شیٹی، جیکولین فرنینڈز، سائی منجریکر، پربھو دیوا، سہیل خان، سنیل گروور، کمال خان اور آیوش شرما کی پرفارمنس بھی شامل تھی۔اس موقع پر سلمان خان کے ہاتھ کے نقش بھی لیے گئے جسے ریاض کے تاریخی بلیوارڈ میں لگایا جائے گا۔

سپرا سٹار نے 10 دسمبر کو ریاض میں میوزیکل کنسرٹ سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے مدعو کیے جانے پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’ہم اپنی طرف سے وعدہ کرتے ہیں کہ ہم یہاں بار بار آئیں گے، ہم آپ کی تفریح کے لیے پوری کوشش کریں گے، ہم یہاں اپنی فلمیں لائیں گے، ہم یہاں اپنے کنسرٹ کریں گے، ہم آپ کو معیاری، اچھی، صاف ستھری اور لطف اندوز ہونے والی تفریح فراہم کریں گے۔