بھائی کی موت کے باوجودسالگرہ پارٹی

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 18-02-2021
وہ تصویریں جنھوں نے ہنگامہ بپاکردیا
وہ تصویریں جنھوں نے ہنگامہ بپاکردیا

 

 

ممبئی : گھر کے کسی فرد کی موت کے فورابعد سالگرہ منانے کا حوصلہ کسے ہوسکتا ہے مگر رندھیرکپور کے گھر میں ایسا ہی ہوا جس کی تصویریں سوشل میڈیا پروائرل ہوییں اور اب وہ شدید تنقید کی زد میں ہیں۔ اپنے سگے بھائی راجیو کپور کی موت کے چند دن بعد ہی 74 ویں سالگرہ منانے والے اداکار اور پروڈیوسر رندھیر کپوراور ان کے خاندان کی بہت سی تصاویر گردش میں ہیں، جن میں کرینہ، کرشمہ اور رنبیر کپور سمیت مختلف اداکاروں کو اپنی گاڑیوں میں سالگرہ منانے رندھیر کپور کے گھر پہنچتے اور تفریحی سرگرمیوں میں مصروف دیکھا جا سکتا ہے۔

یہ تقریب تب ہوئی جب چند دن قبل ہی رندھیر کپور کے چھوٹے بھائی راجیو کپور نو فروری 2021 کو حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کرگئے تھے۔ اس کے بعد اتوار (14 فروری) کو کرینہ کپور، کرشمہ کپور، سیف علی خان اور رنبیر کپور سمیت خاندان کے دوسرے افراد کی تصاویر انٹرنیٹ پر اس وقت پھیلنا شروع ہو گئیں جب وہ لوگ سالگرہ منانے رندھیر کپور کے گھر پہنچے۔

رندھیر کپور کا کہنا ہے کہ ’یہ خالصتاً ایک نجی تقریب تھی اور اس میں کوئی ہلا گلا نہیں کیا گیا۔‘ داکارہ کرشمہ اور کرینہ کے والد رندھیر کپور نے مزید کہا کہ ’میں اپنے چھوٹے بھائی راجیو کی کمی شدت سے محسوس کر رہا ہوں، وہ پچھلے ہفتے دل کے دورے کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے تھے۔ ہمیں ابھی اس صدمے سے نکلنا ہے۔‘ واضح ہوکہ 2020 میں کپور خاندان کو کئی صدمات کا سامنا رہا ہے جن میں رندھیر کے بھائی رشی کپور اور بہن ریتو نندا کی اموات شامل ہیں اور اب رواں برس ان کے چھوٹے بھائی بھی چل بسے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’پچھلے تین برس میں والدہ سمیت دو بھائیوں اور ایک بہن کے گزر جانے کے بعد میں بالکل تنہا محسوس کرتا ہوں۔‘ (ان پٹ ایجنسی)