اسپین میں فلم "پٹھان"کی شوٹنگ کی تیاری

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 16-02-2022
اسپین میں فلم
اسپین میں فلم "پٹھان"کی شوٹنگ کی تیاری

 

 

ممبئی: بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان اور اداکارہ دیپیکا پڈوکون مبینہ طور پر اگلے مہینے سے اپنی آنے والی فلم ’پٹھان‘ کی شوٹنگ کا دوبارہ آغاز کریں گے۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، فلم کی پوری ٹیم مارچ کے پہلے ہفتے میں اسپین جائے گی جہاں پر فلم کی کئی اہم سیکونسیز کی شوٹنگ کی جائے گی جن میں فلم کی مرکزی کاسٹ نظر آئے گی۔

ذرائع کے مطابق، ڈائریکٹر اسپین کے ایک خوبصورت جزیرے میلورکا میں ایک رومانوی گانا شوٹ کریں گے۔ وہ جزیرےکی خوبصورتی کو اپنی فلم کا حصّہ بنانا چاہتے ہیں۔

اسپین میں موجود یہ خوبصورت جزیرہ اپنے قدیم ساحلوں اور چونے کے پتھر کے پہاڑوں کے لیے مشہور ہے۔ اس کے علاوہ اسپین کی ایک خوبصورت ریاست کیڈیز کے دارالحکومت کیڈیز میں بھی فلم کی کچھ سیکونسیز کی شوٹنگ کی جائے گی۔

کیڈیز اسپین کا ایک تاریخی ساحلی شہر ہے، جہاں کئی خوبصورت تاریخی مقامات موجود ہیں۔ رپورٹ کےمطابق، ریاست کیڈیز کے خوبصورت پہاڑی علاقے ویجر ڈی لا فرونٹیرا میں بھی فلم کی شوٹنگ کی جائے گی۔ یہ فلم ’پٹھان‘ کی بیرون ملک شوٹنگ کے لیے پہلا شیڈول ہےاور ہدایتکار سدھارتھ آنند اس فلم کو شاندار بنانے کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لگارہے ہیں۔

خیال رہے کہ فلم کی بیرون ملک شوٹنگ گزشتہ سال اکتوبر میں ہونی تھی جوکہ پہلےاداکار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی ممبئی کروزشپ کیس میں گرفتاری کی وجہ سے ملتوی کردی گئی تھی اور پھر بھارت میں عالمی وباء کورونا وائرس کی تیسری لہر کے شدت اختیار کرنے کے باعث دوسری بار ملتوی کی گئی تھی۔

یہاں ایک اور قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ شاہ رخ خان اس فلم میں پہلی بار ساتھی اداکار جان ابراہم کے ساتھ اسکرین پر نظر آئیں گے۔ جبکہ اداکارہ دیپیکا پڈوکون کے ساتھ فلم ’پٹھان‘ سے پہلے بھی شاہ رخ خان تین فلمیں کرچکے ہیں، جن میں ’اوم شانتی اوم‘، ’چنئی ایکسپریس‘، اور ’ہیپی نیو ایئر‘ شامل ہیں۔