پشاور:دلیپ کمار اور راج کپور کے مکانات۔یادگار بنانے کا کام شروع

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 02-06-2021
سرحد پار کی یادیں
سرحد پار کی یادیں

 

 

پاکستان کے پشاور میں بالی ووڈ کے ناموراداکاروں دليپ کمار اور راج کپورکے قدیم اورتاریخی مکانات کو یادگار میں تبدیل کرنے کےلئے حکومت نے اپنی تحویل میں لے لئے ہیں۔ایک لمبے عرصے سے جاری کشمکش تمام ہوگئی۔ تمام  رکاوٹیں دور ہو چکی ہیں اس کا اعلان آج پاکستانی صوبہ خيبر پختونخوا کے ڈائريکٹوريٹ برائے آثار قديمہ اور عجائب گھر نے پشاور ميں کیا ہے۔ منگل کو پشاور کے ڈپٹی کمشنر نے ان مکانات کی ملکيت کے دستاويزات پيش کرتے ہی يہ نوٹيفيکيشن جاری کيا۔ دونوں مکانات پشاور شہر کے پرانے حصے ميں واقع ہيں۔ صوبائی حکومت نے گزشتہ برس ستمبر ميں اعلان کيا تھا کہ بالی ووڈ کی ان دو مشہور شخصيات کے آبا و اجداد کے مکانات کو حاصل کر کے ان کی مرمت کی جائے گی اور پھر انہيں باقاعدہ عجائب گھروں ميں تبديل کر ديا جائے گا تاکہ آئندہ کی نسليں ايسے ثقافتی ورثوں سے مستفيد ہو سکيں۔

awazurdu

دلیپ کمار کا مکان کہاں ہے؟

حکومت نے کپور حویلی اور دلیپ کمار کے مکان خرینے اور یہاں میوزیم قائم کرنے میں میں دلچسپی ظاہر کی تو اس کے لیے عملی اقدامات شروع کر دیے تھے لیکن اُس وقت یہ مکان مقامی افراد کی ملکیت تھے۔ دلیپ کمار کا مکان قصہ خوانی بازار میں محلہ خداداد میں واقع ہے اور اس کا کل رقبہ چار مرلے بتایا گیا ہے۔ اس میں تعمیر والا حصہ 1077 مربع فٹ سے کچھ زیادہ ہے۔ دلیپ کمار نے اپنے پاکستان کے دورے کے دوران پشاور کی ہندکو زبان میں لوگوں سے بات چیت کی اور اپنے بچپن کی یادوں کا ذکر کیا تھا۔ انھوں نے قلعہ بالا حصار اور خیبر ضلع میں لنڈی کوتل کا دورہ بھی کیا تھا۔ انھوں نے اس دورے کے دوران پشاور کے چپلی کباب اور پلاؤ کا خاص طور پر ذکر کیا تھا۔

راجکپور کی حویلی

پشاور کے تاریخی بازار قصہ خوانی میں ڈھکی منورشاہ کے مقام پر ایک بڑی حویلی اب تک تاریخی ورثے کی ایک نشانی ہے۔ اس حویلی کی اپنی اہمیت ہے لیکن کپور خاندان کی وجہ سے اس حویلی کی اہمیت اور بھی بڑھ جاتی ہے۔ راج کپور کے والد پرتھوی راج (جنھوں نے ‘مغلِ اعظم’ میں اکبر کا کردار ادا کیا تھا) اپنے آپ کو پہلا ہندو پٹھان کہتے تھے۔ وہ بالی ووڈ میں اداکاروں کے پہلے خاندان سے تھے جو اب چار نسلوں پر محیط ہے۔ اکثر وہ انڈیا میں پشاور کی ہندکو زبان بھی بڑے فخر سے بولا کرتے تھے۔ ڈھکی منور شاہ میں قائم کپور حویلی عظیم شو مین راج کپور کے دادا بششر ناتھ کپور نے 1922 میں تعمیر کرائی تھی۔ کپور حویلی اب انتہائی خستہ حال میں ہے حالانکہ اپنے دور میں یہ ایک شاندار عمارت تھی۔