ممبئی/ آواز دی وائس
مشہور فلم ساز مہیش بھٹ اپنی پروٹیج وِنے بھاردواج کے ساتھ مل کر ہریانوی لوک آرٹسٹ اور معروف ڈانسر سپنا چودھری کی انوکھی اور متاثر کن کہانی کو بڑے پردے پر لانے کی تیاری کر رہے ہیں۔ "میڈم سپنا" نامی اس فلم کی پروڈکشن شائننگ سن اسٹوڈیوز کے بینر تلے کی جائے گی۔ یہی وہ اسٹوڈیو ہے جس نے سونی لِو پر مہیش بھٹ کے شو "پہچان" اور کھیل-ڈرامہ فلم "ہُکُس-بُکُس" (جس میں دارشیل سفاری اور ارون گوویل نے اداکاری کی ہے) جیسی قابلِ تعریف پروجیکٹس پیش کیے ہیں۔
فلم "میڈم سپنا" ہریانہ کی سڑکوں سے لے کر کینس کے چمکتے ریڈ کارپٹ تک سپنا چودھری کے متاثر کن سفر کو پیش کرے گی۔ یہ فلم ان کی زندگی کے جدوجہد، خوابوں اور ان کے اٹل حوصلے کی دلچسپ کہانی ہوگی۔ یہ ایک ایسی عورت کی داستان ہے جس نے ہر چیلنج کا سامنا کرتے ہوئے اپنی شناخت بنائی۔ مہیش بھٹ نے اپنی اس نئی پروجیکٹ کے بارے میں کہا کہ سپنا چودھری کی کہانی صرف ایک عورت کی ذاتی جیت نہیں ہے بلکہ یہ ہمارے سماج کی بدلتی سوچ اور ذہنیت کی عکاسی بھی کرتی ہے۔ یہ فلم ہر اُس عورت کے نام ہے جو اپنی منفرد شناخت بنانے کی ہمت رکھتی ہے۔
وِنے بھاردواج نے کہا کہ ہمارے لیے یہ فخر کی بات ہے کہ ہمیں سپنا چودھری کی کہانی بڑے پردے پر لانے کا موقع ملا۔ سپنا کا ایک چھوٹے سے گاؤں کی آرکسٹرا ڈانسر سے قومی آئیکن بننے تک کا سفر بے مثال ہے۔ یہ فلم ہریانوی ثقافت، موسیقی اور وہاں کی جاندار زندگی کا جشن ہوگی۔