کوئی مجھے رول آفر نہیں کر رہا: ارچنا پورن سنگھ

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 21-04-2026
کوئی مجھے رول آفر نہیں کر رہا: ارچنا پورن سنگھ
کوئی مجھے رول آفر نہیں کر رہا: ارچنا پورن سنگھ

 



ممبئ
اداکارہ ارچنا پورن سنگھ حال ہی میں راجکمار راؤ اور سانیا ملہوترا کی فلم ٹوسٹر میں نظر آئیں۔ یہ فلم 15 اپریل کو او ٹی ٹی پلیٹ فارم نیٹ فلکس پر ریلیز ہوئی۔ اب ارچنا نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ دی کپل شرما شو کے ساتھ طویل وابستگی کی وجہ سے انہیں گزشتہ چند برسوں میں کئی فلمی پیشکشیں ٹھکرانی پڑیں۔
ارچنا پورن سنگھ نے کہا کہ میں اتنے سالوں سے فلموں میں کام نہیں کر پائی۔ ایک بار مجھے ایک فلم کے لیے کال آیا تھا، جس کے لیے 25 دن کی شوٹنگ کے سلسلے میں اسکاٹ لینڈ جانا تھا، لیکن میرے لیے ‘دی کپل شرما شو’ چھوڑ کر کہیں اور شوٹنگ کرنا ممکن نہیں تھا۔ پہلے جب یہ شو ٹی وی پر آتا تھا تو ہم سال میں تقریباً 100 اقساط شوٹ کرتے تھے، جس کی وجہ سے میرے پاس کسی اور کام کے لیے وقت ہی نہیں بچتا تھا۔ اسی وجہ سے میں نے کئی فلموں کی پیشکشیں ٹھکرا دیں اور پھر ایک وقت ایسا آیا کہ لوگوں نے مجھے فلموں کے لیے بلانا بھی کم کر دیا۔
ارچنا نے مزید کہا کہ جب یہ شو ٹی وی سے او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر منتقل ہوا تو حالات بدل گئے۔ اب شو سیزن کی بنیاد پر شوٹ کیا جاتا ہے، جس کی وجہ سے وہ پورا سال ایک ہی جگہ رہنے کی پابند نہیں رہیں اور انہیں گھومنے پھرنے اور دوسرے پروجیکٹس پر کام کرنے کا موقع مل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسی لیے میں بہت خوش ہوں کہ اب یہ شو نیٹ فلکس پر نشر ہوتا ہے۔
فلم ٹوسٹر کے بارے میں بات کرتے ہوئے ارچنا پورن سنگھ نے بتایا کہ اس فلم میں ان کی کاسٹنگ راجکمار راؤ کے ساتھ ان کی پچھلی فلم وکی ودیا کا وہ والا ویڈیو میں کام کرنے کے باعث ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ راجکمار نے اس فلم میں میرا کام دیکھا تھا۔ یہ پہلی بار تھا جب ہم دونوں نے ساتھ کام کیا، اور وہیں سے مجھے ‘ٹوسٹر’ کا موقع ملا۔ اگر میں نے وہ فلم نہ کی ہوتی تو شاید مجھے یہ فلم بھی نہ ملتی۔ اب مجھے امید ہے کہ ‘ٹوسٹر’ میرے لیے کم از کم دو اور فلموں کے دروازے کھولے گی۔
ارچنا پورن سنگھ نے یہ بھی تسلیم کیا کہ اتنے طویل کیریئر کے باوجود انہیں آج بھی ایک سنجیدہ اداکارہ کے طور پر نہیں دیکھا جاتا۔ انہوں نے کہا کہ میں جتنی بھی کوشش کر لوں، فلم سازوں کو یہ یقین نہیں دلا پا رہی۔ کوئی مجھے کردار کی پیشکش نہیں کر رہا۔ لوگ مجھے اداکارہ نہیں سمجھتے، انہیں لگتا ہے کہ میں صرف کرسی پر بیٹھ کر ہنسنے والی شخصیت ہوں۔
واضح رہے کہ 2019 میں ایک تنازع کے بعد جب نوجوت سنگھ سدھو نے شو چھوڑ دیا تھا، تو ارچنا پورن سنگھ دی کپل شرما شو کا حصہ بنی تھیں۔ اس سے پہلے وہ ٹیلی ویژن پر ایک معروف چہرہ تھیں اور کامیڈی سرکس، کامیڈی کلاسز اور انڈیا لاٖفٹر چیمپئن جیسے مزاحیہ پروگراموں میں بطور جج نظر آ چکی ہیں۔