نیٹ فلکس: نئی فہرست میں 58 عرب فلمیں

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 12-12-2021
نیٹ فلکس: نئی فہرست میں 58 عرب فلمیں
نیٹ فلکس: نئی فہرست میں 58 عرب فلمیں

 

 

ریاض : نیٹ فلکس نے عرب خطے سے متعلق مختلف موضوعات پر بننے والی 58 فلمیں اپنی نئی فہرست میں شامل کی ہیں۔دنیا کی بڑی آن لائن ویڈیو سٹریمنگ سروس نیٹ فلکس کی جانب سے عرب سینما کی وسعت اور خوبصورتی کا جشن مناتے ہوئے اپنی نئی فہرست میں عرب خطے کی ان بہترین فلموں کو بین الاقوامی سطح پرپیش کرنے کے لیے شامل کیا گیا ہے۔

نیٹ فلکس کمپنی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ہمیں ان شاہکار فلموں کو نیٹ فلکس پر لانے اوربین الاقوامی فلم شائقین کے سامنے عرب دنیا کی بہترین نمائش کرنے پر فخر ہے۔نیٹ فلکس کمپنی میں ترکی، مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ سے متعلق فلموں کی ڈائریکٹر نوحہ الطیب نے بتایا ہے کہ یہ 58 فلمیں 47 مختلف فلمسازوں کی طرف سے شامل کی گئی ہیں۔

ڈائریکٹر نوحہ الطیب نے بتایا ہے کہ عرب خطے کی فلم انڈسٹری کے بڑے نام جیسے نادین لباقی، اینمری جیکر، عالیہ سلیمان، ہانی ابو اسد اور زیاد دوئیری اس میں شامل ہیں۔ بہت سی فلمیں آسکر ایوارڈ کے لیے اپنے ممالک کی نمائندگی کرنے کے لیے اس کیٹلاگ میں شامل کی گئی ہیں۔ ان فلموں میں عرب دنیا کے مختلف ممالک مصر، لبنان، فلسطین، شام، مراکش، الجزائر، تیونس، اردن اورعراق کے علاوہ دیگرعلاقوں سے لی گئی مختلف کہانیوں کا احاطہ کیا گیا ہے۔

نیٹ فلکس کی فلم ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ ہم امید کرتے ہیں کہ موجودہ نوجوان نسل بھی ان فلموں کی کہانیوں سے لطف اندوز ہو گی کیونکہ یہ فلمیں تاریخ اور ثقافت کی نمائندگی کرتی ہیں۔ان فلموں کی کہانیوں نے گزشتہ برسوں میں عرب دنیا کے لیے اجتماعی طور پر فخرکا احساس پیدا کیا ہے۔

فہرست میں شامل کی گئی فلموں میں جن کہانیوں، فلم سازوں،انسانوں اور ممالک کی نمائندگی کی گئی ہے وہ عرب دنیا کے منفرد تجربات کی عکاسی کرتے ہیں۔

نیٹ فلکس کے مطابق ان فلموں کی کہانیوں میں محبت کی داستان، خاندان، دوستی،علیحدگی ، بچپن ، جنگی معرکے، بڑے خواب اورعام زندگی کے موضوعات پر مشتمل ہیں۔ عرب خطے کے 47 مختلف فلمسازوں کی 58 فلمیں 9 دسمبر سے نیٹ فلکس میں شامل کی گئی ہیں۔