یوم دوستی پر نصیر الدین شاہ کو پرانے دوست اوم پوری یاد آگئے

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | 2 Years ago
نصیر الدین شاہ اوم پوری کے ہمراہ
نصیر الدین شاہ اوم پوری کے ہمراہ

 

 

آواز دی وائس، ممبئی

بالی ووڈ کے سینئر اداکار نصیر الدین شاہ اور آنجہانی اداکار اوم پوری کے درمیان نہایت ہی گہری اور راز و نیاز پر مبنی دوستی رہی ہے۔ 

تاہم یہ بات بہت ہی کم لوگوں کو معلوم ہوگی کہ ایک بار اوم پوری نے نصیر الدین شاہ جان اس وقت بچائی تھی جب نصیرا لدین شاہ پر چاقو سے حملہ کیا گیا تھا۔

فرینڈ شپ ڈے 2021 کے موقع پر ماضی کے اس واقعے پر نصیر الدین شاہ کی یاداشتوں پر مبنی سوانح حیات، جانے بھی دو یاروں میں ایک جگہ وہ یوں رقمطراز ہیں کہ یہ واقعہ 1977 میں ایک ریسٹورانٹ میں پیش آیا، جب فلم بھومیکا کی شوٹنگ چل رہی تھی۔ نصیرالدین شاہ کے مطابق حملہ آور میرا ایک پرانا دوست جسپال تھا۔

بالی ووڈ کی لاتعداد ہٹ فلموں میں اپنے اداکاری سے چار چاند لگانے والے اوم پوری جنکا 2017 میں انتقال ہوگیا تھا۔

نصیرالدین شاہ اپنی سوانح عمری میں مزید تحریر کرتے ہیں کہ اوم پوری ٹیبل پر میرے سامنے کی جانب بیٹھے تھے، جبکہ حملہ آور جس سے کچھ عرصے سے میں نے دوری اختیار کررکھی تھی، وہ میری پشت پر آکر بیٹھ گیا۔ اور اس نے اوم پوری کو مبارکباد دی۔

جسپال اور میں نے آپس میں ایک دوسرے کو نظر انداز کیا لیکن جسپال کی نظریں مجھ پر ہی تھیں جسکا مجھے اندازہ نہیں تھا۔

لیکن چند لمحوں بعد مجھے ایسا لگا کہ کسی نے بہت زور سے مجھے مکا مارا ہے، ابھی میں اٹھنے کو ہی تھا کہ اس نے پھر مجھ پر حملہ کیا اور اس سے قبل کہ میں اٹھتا اس نے مجھ پر چاقو سے حملہ کیا، لیکن اس دوران اوم چھلانگ لگا کر سامنے کی جانب موجود حملہ آور پر کود پڑے اور اسے دیگر دو افراد کے ساتھ مل کر بے دست وپا کردیا، اور مجھے اسپتال لے گئے جہاں میری جان بچ گئی۔