میری خوراک ختم ہو گئی ہے: سلمان خان

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 05-08-2025
میری خوراک ختم ہو گئی ہے: سلمان خان
میری خوراک ختم ہو گئی ہے: سلمان خان

 



ممبئی: نیٹ فلکس کے "دی گریٹ انڈین کپل شو" میں شرکت کے دوران سلمان خان نے اپنی اور والد سلیم خان کی فٹنس کا راز کھول دیا۔ صحت مند طرزِ زندگی کے لیے اکثر لوگ سخت ورزش اور سخت ڈائٹ پر انحصار کرتے ہیں، مگر معروف اداکار سلمان خان کے مطابق اعتدال اور مستقل مزاجی اصل کنجی ہے۔ حال ہی میں نیٹ فلکس کے مقبول شو دی گریٹ انڈین کپل شو میں گفتگو کرتے ہوئے سلمان خان نے اپنے 89 سالہ والد اور سینئر اسکرین رائٹر سلیم خان کی صحت مند روٹین پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے ہنستے ہوئے کہا کہ میرے والد، ماشاء اللہ، کہتے ہیں کہ میری خوراک کم ہو گئی ہے، لیکن وہ روزانہ دو سے تین پراٹھے، چاول، گوشت اور پھر میٹھا کھاتے ہیں، دن میں دو بار۔ ان کا میٹابولزم اور ڈسپلن ایک الگ ہی سطح پر ہے۔

سلمان خان نے بتایا کہ ان کے والد ہر روز صبح پیدل واک پر باندرہ بینڈ اسٹینڈ تک جاتے ہیں اور واپس آتے ہیں۔ "ہم سب بہت خوش ہیں اور فخر محسوس کرتے ہیں کہ ہمارے والد اب بھی اپنی صحت کے لیے سنجیدہ ہیں اور اس عمر میں بھی لڑ رہے ہیں،" انہوں نے کہا۔

اپنی فٹنس روٹین کا ذکر کرتے ہوئے سلمان نے بتایا، "میں سب کچھ کھاتا ہوں، بس زیادہ نہیں کھاتا۔ مثلاً ایک چمچ چاول، زیادہ سے زیادہ ڈیڑھ چمچ، جو بھی سبزی ہو، پھر چکن، مٹن یا فِش۔" ان کے بقول، فٹ رہنے کا راز کسی مخصوص خوراک کو مکمل طور پر ترک کرنا نہیں، بلکہ کھانے میں اعتدال برتنا ہے۔

اسی دوران سلمان خان نے فلم انڈسٹری میں فٹنس کلچر کو فروغ دینے میں اپنے کردار کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ان ابتدائی اداکاروں میں شامل تھے جنہوں نے جم کلچر کو روشناس کرایا۔ انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ آج بھی دھرمیندر جیسے سینئر اداکار اپنی صحت کو ترجیح دیتے ہیں۔

سلمان خان کا یہ انکشاف نہ صرف فٹنس کے بارے میں عمومی غلط فہمیوں کو دور کرتا ہے بلکہ اس بات پر بھی زور دیتا ہے کہ صحتمند زندگی کے لیے سختی نہیں بلکہ مستقل مزاجی اور توازن کی ضرورت ہے۔