ممبئی/ آواز دی وائس
آج کے دور میں جہاں فلمی سیٹ پر وینٹی وین، آرام دہ انتظامات اور جدید ٹیکنالوجی عام بات ہو چکی ہے، وہیں ایک زمانہ ایسا بھی تھا جب فنکاروں اور تکنیکی ٹیم کو نہایت محدود سہولتوں میں کام کرنا پڑتا تھا۔ اپنے فلمی کیریئر کے ابتدائی دنوں کے بارے میں بالی ووڈ کی لیجنڈری اداکارہ مادھوری ڈکشٹ نے بتایا کہ 1980 اور 1990 کی دہائی میں فلم انڈسٹری آج کی طرح منظم نہیں تھی اور فنکاروں کو کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔
مادھوری ڈکشٹ نے کیریئر کے ابتدائی دنوں کو کیا یاد
بات کرتے ہوئے مادھوری ڈکشٹ نے اپنے کیریئر کے ابتدائی برسوں کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت فلموں کی شوٹنگ آج جیسی آرام دہ نہیں ہوتی تھی۔ نہ وینٹی وین ہوتی تھیں اور نہ ہی ٹھیک طرح سے تیار ہونے کی جگہ۔ فنکاروں کو کھلے میں، کبھی جنگل جیسے مقامات پر جا کر تیار ہونا پڑتا تھا۔ سردی، دھوپ اور موسم کی سختیوں کو جھیلتے ہوئے شوٹنگ کرنی پڑتی تھی۔
ان دنوں کو مادھوری نے قرار دیا مشکل
مادھوری نے کہا کہ میں ان دنوں کو زیادہ یاد نہیں کرنا چاہتی کیونکہ وہ وقت واقعی بہت مشکل تھا۔ اس دور میں جو محنت کی گئی وہ کسی مجبوری کی وجہ سے نہیں بلکہ کام کے جذبے کی بدولت تھی۔ اس وقت کسی کو یہ احساس ہی نہیں ہوتا تھا کہ وہ کوئی بڑی قربانی دے رہا ہے، کیونکہ وہی طرزِ زندگی بن چکا تھا۔
اوٹی میں شوٹنگ کے دنوں کو کیا یاد
اپنے تجربات شیئر کرتے ہوئے مادھوری نے کہا کہ اوٹی میں شوٹنگ کے دوران فنکاروں اور ٹیم کو جنگل یا کسی کھلے مقام پر جا کر تیار ہونا پڑتا تھا۔ ہیئر ڈریسر سردی سے بچنے کے لیے شال اوڑھے کھڑے رہتے تھے۔ آج جب میں پیچھے مڑ کر دیکھتی ہوں تو ان دنوں کی مشکلات صاف نظر آتی ہیں، لیکن اس وقت سب لوگ مل جل کر کام سے لطف اندوز ہوتے تھے۔ ٹیم اسپرٹ اتنی مضبوط تھی کہ سب ایک دوسرے کا ساتھ دیتے تھے۔ سب کا جذبہ فلم کو بہتر بنانے کے لیے ہوتا تھا۔ وقت کے ساتھ فلم سازی کے طریقوں میں بڑا بدلاؤ آیا ہے۔ اگر میں اپنے کیریئر کی پہلی فلم ‘ابودھ’ سے لے کر حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ‘مسز دیش پانڈے’ تک کے سفر کو دیکھوں تو آج کی انڈسٹری پہلے کے مقابلے کہیں زیادہ پروفیشنل اور منظم ہو چکی ہے۔
۔80 اور 90 کی دہائی میں ایسی تھی فلم انڈسٹری
جب ان سے پوچھا کہ 1980 اور 1990 کی دہائی میں ہدایت کاروں کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ کیسا تھا اور آج کے دور میں کیا تبدیلی آئی ہے، تو مادھوری نے کہا کہ پہلے انڈسٹری کافی حد تک غیر منظم تھی۔ اس وقت صرف چند ہی پروڈیوسر ایسے تھے جو بہت منظم انداز میں کام کرتے تھے، جیسے یش چوپڑا، بی آر چوپڑا، سبھاش گھئی اور راج شری پروڈکشنز۔ باقی جگہوں پر کام زیادہ تر حالات کے بھروسے چلتا تھا۔
شوٹنگ کے انداز میں آیا بڑا فرق
مادھوری نے کہا کہ پہلے فنکاروں کو چند ہی منٹوں میں سین شوٹ کرنا ہوتا تھا، جبکہ آج کردار کی تیاری کے لیے پورا وقت دیا جاتا ہے۔ اب اسکرپٹ پہلے سے مل جاتی ہے، شوٹنگ شیڈول طے ہوتا ہے اور سیٹ پر آرام کے لیے وینٹی وین جیسی سہولتیں موجود ہوتی ہیں۔ فنکار ہر شاٹ کے بعد آرام کر سکتے ہیں یا سکون سے تیار ہو سکتے ہیں۔ اس کے برعکس، پہلے فنکاروں کو دھوپ میں چھتری کے نیچے بیٹھ کر اپنی باری کا انتظار کرنا پڑتا تھا۔