کانٹا لگا‘ کا سیکوئل اب کبھی نہیں بنے گا: میکرز کا اعلان

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 05-07-2025
کانٹا لگا‘ کا سیکوئل اب کبھی نہیں بنے گا: میکرز کا اعلان
کانٹا لگا‘ کا سیکوئل اب کبھی نہیں بنے گا: میکرز کا اعلان

 



ممبئی/ آواز دی وائس
کانٹا لگا‘ گرل شیفالی جریوالا کا 27 جون کو انتقال ہو گیا۔ ہر کوئی انہیں خراجِ عقیدت پیش کر رہا ہے۔ اسی دوران ’کانٹا لگا‘ گانے کے میکرز نے بھی شیفالی  کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی یقین نہیں ہو رہا کہ وہ اب اس دنیا میں نہیں رہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ اعلان بھی کیا کہ اب ’کانٹا لگا‘ گانے کا سیکوئل کبھی نہیں بنایا جائے گا۔
درحقیقت، رادھیکا راؤ اور ونئے سپرو نے جمعرات کے روز اپنے انسٹاگرام پر شیفالی جریوالا کو یاد کرتے ہوئے ایک پوسٹ شیئر کی۔ اس میں انہوں نے لکھا کہ کل پرارتھنا سبھا تھی، آخری الوداع کہنے کا وقت۔ وہ ہمیشہ کہتی تھیں کہ وہ اکیلی اور واحد ’کانٹا لگا‘ گرل رہنا چاہتی ہیں، اسی لیے ہم نے کبھی اس گانے کا سیکوئل نہیں بنایا اور اب کبھی نہیں بنائیں گے۔ ہم ’کانٹا لگا‘ کو ہمیشہ کے لیے ریٹائر کر رہے ہیں۔ یہ گانا ہمیشہ شیفالی کا تھا اور ہمیشہ اس کا ہی رہے گا۔
شیفالی کو کیسے ملا تھا ’کانٹا لگا‘ گانا؟
اس حوالے سے ونئے سپرو نے بتایا کہ کیسے انہوں نے ’کانٹا لگا‘ کے لیے شیفالی کو کاسٹ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا سفر ممبئی کے لنکنگ روڈ سے شروع ہوا تھا۔ رادھیکا اور میں لنکنگ روڈ، باندرہ پر ڈرائیو کر رہے تھے اور ہم ایک جنگل نما راستے سے گزر رہے تھے۔ ہم نے دیکھا کہ ایک نوجوان لڑکی اپنی ماں کو گلے لگائے ہوئے اسکوٹر پر سڑک پار کر رہی تھی۔ جیسے ہی ہم وہاں سے گزرے، رادھیکا کو محسوس ہوا کہ وہ لڑکی کچھ خاص ہے۔ ہم نے فوراً گاڑی روکی اور اس سے پوچھا کہ کیا وہ ہمارے دفتر آئے گی؟ اور یہی سے ہمارا سفر شروع ہوا۔
میوزک ویڈیو ’کانٹا لگا‘ سے شیفالی کے کریئر کی شروعات
شیفالی نے اپنے کریئر کی شروعات صرف 19 سال کی عمر میں میوزک ویڈیو ’کانٹا لگا‘ سے کی تھی، جس نے انہیں راتوں رات اسٹار بنا دیا۔ اس گانے میں ان کے بولڈ انداز اور ڈانسنگ اسٹائل نے سب کی توجہ حاصل کی تھی۔
شیفالی  نے ویب سیریز ’بیبی کم نہ‘ میں بھی کام کیا تھا، جس میں شریاس تلپڑے، ککو شردا اور چنکی پانڈے بھی نظر آئے تھے۔ اس کے بعد شیفالی نے کچھ اور میوزک البمز اور فلموں میں بھی کام کیا۔ سال 2004 میں وہ سلمان خان اور اکشے کمار کی فلم ’مجھ سے شادی کروگی‘ میں بھی نظر آئیں۔ اس کے علاوہ وہ کنڑ فلم ’ہدوگارو‘ میں بھی نظر آ چکی تھیں۔
شیفالی نے کئی ڈانس رئیلٹی شوز میں بھی حصہ لیا، اور شو ’نچ بلیے‘ میں اپنے شوہر پراگ تیاگی کے ساتھ جلوہ گر ہوئی تھیں۔