ممبئی/ آواز دی وائس
فلم کی کہانی کیا ہے؟" ، "کون سا شہر بہتر ہے، کانپور یا میرٹھ؟" اور "اس بار ٹیزر کیوں ریلیز کیا؟" یہ کچھ سوالات تھے جو "جولی ایل ایل بی 3" کے اسٹارز اکشے کمار اور ارشد وارثی نے یہاں فلم کے بھرپور ٹریلر لانچ ایونٹ میں صحافیوں کے سامنے رکھے گئے۔
یہ آنے والی فلم کورٹ روم کامیڈی فرنچائز کا تیسرا حصہ ہے جو 2013 میں "جولی ایل ایل بی" سے شروع ہوئی تھی، جس میں ارشد وارثی نے میرٹھ کے ایک بدقسمت وکیل جولی تیاگی کا کردار نبھایا تھا۔ اس کے بعد 2017 میں "جولی ایل ایل بی 2" آئی جس میں اکشے کمار کانپور کے ایک اور جدو جہد کرتے وکیل جولی مشرا کے طور پر نظر آئے۔ ٹریلر لانچ فلم کے دونوں مرکزی کرداروں کے شہروں میں منعقد کیا گیا، جہاں ٹیم نے دن کا آغاز کانپور سے کیا اور پھر میرٹھ پہنچی، جہاں شاپرکس مال میں مداحوں کی بڑی تعداد نے ان کا استقبال کیا۔
اداکاروں کے ساتھ فلم کے ڈائریکٹر سبھاش کپور، پروڈیوسر اجیت اندھارے اور اداکار سوربھ شکلا بھی موجود تھے جو جج سندر لال تریپاٹھی کے اپنے مشہور کردار میں واپسی کر رہے ہیں۔ ٹریلر کا انکشاف کیا گیا جس میں دونوں وکلاء کو ایک دلچسپ کسان بمقابلہ سیاستدان کیس میں ذہانت اور اخلاقیات کی جنگ لڑتے ہوئے دکھایا گیا۔
سب سے پہلا سوال فلم کی کہانی کے بارے میں تھا۔
اس پر اکشے کمار نے کہا کہ یہ فلم ایک واقعے پر مبنی ہے جو 2011 میں پیش آیا تھا۔ یہ کسانوں کے بارے میں ہے۔ اب آپ فلم دیکھیں، اس میں تفریح بھی ہے اور سبق بھی۔ سبق کو تفریح کے ذریعے پیش کیا گیا ہے۔
انہوں نے ڈائریکٹر کی بھی تعریف کی اور کہا کہ فلم کو "بہت محبت" سے بنایا گیا ہے۔
اگلا سوال یہ تھا کہ وہ کانپور اور میرٹھ میں کیوں ہیں اور کون سا شہر بہتر ہے؟
اکشے کمار نے کہا کہ ہندوستان سب سے بہترین ہے" اور مزید کہا کہ "مشرا اور تیاگی ایک جیسے ہیں، بالکل اسی طرح جیسے کانپور اور میرٹھ ایک جیسے ہیں۔ ایک اور صحافی نے پوچھا کہ پہلی دو فلموں کے لیے کوئی ٹیزر نہیں آیا تھا۔ اس بار ٹیزر کیوں بنایا؟
اکشے کمار حیران ہو کر سبھاش کپور کی طرف مڑے اور بولے کہ کیا، پہلے ٹیزر نہیں بنایا تھا؟جس پر ہال میں موجود لوگ ہنس پڑے۔ پھر ان سے پوچھا گیا کہ آپ اور ارشد فلم میں ایک دوسرے کے خلاف ہیں، آخر میں کس کا پلڑا بھاری رہے گا؟
اکشے کمار نے مسکرا کر جواب دیا کہ کیا آپ بغیر ٹکٹ خریدے جاننا چاہتے ہیں؟
ایک صحافی نے پوچھا کہ آپ بہت دیش بھکتی فلمیں کرتے ہیں، اور میرٹھ ہندوستان کی آزادی کی جدوجہد میں ایک اہم مقام رہا ہے، آپ یہاں آ کر کیسا محسوس کر رہے ہیں؟
اسی دوران ایک اور نے ٹوکتے ہوئے کہا کہ ایک آدھ سوال جج صاحب (شکلا) سے بھی پوچھ لیں؟
اکشے کمار نے کہا کہ ایک منٹ، بات کرلیں بیٹا.... ہم یہاں سے سب کچھ لے کر جا رہے ہیں، حتیٰ کہ گھنٹہ گھر کی نان خطائی بھی، اور واپس ممبئی جاتے ہوئے ہم سب کھاتے ہوئے جائیں گے۔
اداکاروں کے گرد اتنا ہجوم تھا کہ وہ اکثر صحافیوں کو پہچان بھی نہیں پا رہے تھے کہ سوال کون کر رہا ہے۔ ہجوم میں سے کسی نے کہا کہ میرا سوال ارشد عباس جی سے ہے آپ نے میرٹھ کی بولی کے لیے کس سے ٹریننگ لی؟
ارشد وارثی نے ہنستے ہوئے جواب دیا کہ میرا تو نام ہی بدل دیا۔ آخر میں سوال سوربھ شکلا سے کیا گیا اور شور شرابے کے بیچ شکلا نے ہاتھ اٹھا کر کہا کہ کوئی ایک سوال آیا ہے، پوچھنے دو۔
صحافی نے پوچھا کہ آپ فلم میں جج کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ میرے ذرائع کے مطابق آپ نے یہ کردار بغیر اسکرپٹ کے یادگار بنایا۔ آپ کو موٹیویشن کہاں سے ملی؟
شکلا نے کہا کہ یہ بالکل غلط تاثر ہے کہ میں نے بغیر اسکرپٹ کردار ادا کیا۔ اسکرپٹ ہی طے کرتی ہے کہ میں کیا کروں گا، ہاں میں اپنے ان پٹ دیتا ہوں مگر آخر میں جو کچھ بھی کرتا ہوں وہ سب اسکرپٹ کے مطابق ہوتا ہے۔
جب صحافی نے کہا کہ یہ بات سوشل میڈیا پر وائرل ہے تو شکلا نے ہنستے ہوئے کہا کہ ارے، سوشل میڈیا تو خود بغیر اسکرپٹ کے ہی چلتا ہے یار۔ یہ فلم اسٹار اسٹوڈیو18 کے بینر تلے پروڈیوس کی گئی ہے اور سبھاش کپور نے ڈائریکٹ کی ہے۔ "جولی ایل ایل بی 3"کو 19 ستمبر کو تھیٹروں میں ریلیز کیا جائے گا۔