محمود کا کردار ادا کرنے کی خبروں پر عمران ہاشمی کی وضاحت

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 11-08-2026
محمود کا کردار ادا کرنے کی خبروں پر عمران ہاشمی کی وضاحت
محمود کا کردار ادا کرنے کی خبروں پر عمران ہاشمی کی وضاحت

 



ممبئی۔ اداکار عمران ہاشمی نے معروف اداکار اور کامیڈین محمود کا کردار ادا کرنے سے متعلق خبروں کی تردید کرتے ہوئے صورتحال واضح کردی ہے۔عمران ہاشمی نے ایکس پر جاری اپنی پوسٹ میں کہا کہ بایوپک میں محمود صاحب کا کردار ادا کرنے سے متعلق خبریں درست نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں اس فلم کے لیے رابطہ ہی نہیں کیا گیا اور نہ ہی وہ یہ فلم کر رہے ہیں۔

یہ وضاحت ان خبروں کے بعد سامنے آئی جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ عمران ہاشمی کو آر ڈی برمن کی بایوپک میں محمود کا کردار ادا کرنے کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔دریں اثنا عمران ہاشمی جلد ہی اپنی مقبول فلم ’’آواراپن‘‘ کے سیکوئل میں نظر آئیں گے۔نتن ککڑ کی ہدایت کاری میں بننے والی اور ویشیش فلمز کے زیر اہتمام تیار کی گئی یہ فلم 14 اگست کو دنیا بھر کے سنیما گھروں میں ریلیز ہونے والی ہے۔

فلم میں عمران ہاشمی کے ساتھ دیشا پٹانی زارا کے کردار میں ایکشن سے بھرپور کردار ادا کرتی نظر آئیں گی جبکہ معروف اداکارہ شبانہ اعظمی فلم میں مخالف کردار نفیسہ کا کردار ادا کر رہی ہیں۔رواں ماہ کے آغاز میں فلم کے بنانے والوں نے اس کا ٹریلر جاری کیا تھا جس میں عمران ہاشمی کی شیوم پنڈت کے کردار میں تقریباً 2 دہائیوں بعد واپسی کی پہلی مکمل جھلک دکھائی گئی۔ پہلی فلم کے بعد یہ کردار ناظرین میں خاصا مقبول ہوا تھا۔

ٹریلر میں شیوم پنڈت کی کہانی کو انتقام اور تاریکی سے بھرے ایک نئے مرحلے کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔ فلم کے سرکاری خلاصے کے مطابق کہانی شیوم کے گرد گھومتی ہے جو ایک بدھ خانقاہ میں دوبارہ زندگی پانے کے بعد نجات۔ محبت اور جرائم کی دنیا میں واپسی کے درمیان توازن قائم کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ٹریلر عمران ہاشمی کی ان کے یادگار فلمی کرداروں میں سے ایک کے طور پر واپسی کی بھی عکاسی کرتا ہے۔

فلم کے بنانے والوں نے ان کی واپسی کے حوالے سے کہا ہے کہ شیوم پنڈت واپس آگیا ہے۔ 19 سال بعد وہ پہلے سے زیادہ درد۔ غصے اور ایک ایسے مقصد کے ساتھ لوٹ رہا ہے جسے روکا نہیں جاسکتا۔’’آواراپن 2‘‘ کی کہانی بلال صدیقی نے لکھی ہے۔ فلم کو مکیش بھٹ اور ویشیش فلمز پیش کر رہے ہیں جبکہ ویشیش بھٹ اس کے پروڈیوسر ہیں۔