بگ باس 19 کی کنٹیسٹنٹ فرحانہ بھٹ پر ناراض ہوئیں حنا خان

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 09-09-2025
بگ باس 19 کی کنٹیسٹنٹ فرحانہ بھٹ پر ناراض ہوئیں حنا خان
بگ باس 19 کی کنٹیسٹنٹ فرحانہ بھٹ پر ناراض ہوئیں حنا خان

 



ممبئی/ آواز دی وائس
بگ باس 19‘ کے حالیہ ایپی سوڈ میں نومینیشن ٹاسک دیکھنے کو ملا۔ اس ٹاسک کو جوڑی میں بانٹا گیا، جہاں دو لوگوں کو الگ جگہ پر بیٹھ کر 19 منٹ کا حساب رکھنا تھا اور باقی گھر والے ان کا دھیان بھٹکانے کی کوشش کر رہے تھے۔ اس دوران سب سے پہلے ٹاسک کرنے کے لیے اشنور کور اور ابھشیک بجات کو بلایا گیا۔
اسی دوران جب فرحانہ ’یہ رشتہ کیا کہلاتا ہے‘ ایکٹریس کا دھیان بھٹکانے آئیں تو انہوں نے باتوں ہی باتوں میں کچھ ایسا کہہ دیا جسے سن کر اب حنا خان بھڑک گئی ہیں۔ حنا خان نے سوشل میڈیا ہینڈل "ایکس" پر اس حوالے سے دو ٹویٹ کیے اور ان کی زبردست کلاس لگائی۔
فرحانہ نے کیا کہا تھا؟
’بگ باس 19‘ کے نومینیشن ٹاسک کے دوران فرحانہ بھٹ نے کہا کہ تجربہ آپ کا رہ چکا ہے سیریل میں۔ میں نے کبھی ٹی وی سیریل میں کام نہیں کیا کیونکہ مجھے کوئی دلچسپی نہیں تھی۔ آپ کو پتہ ہوگا کہ میں نے فلمیں کی ہیں۔ آپ کی عمر کیا ہے؟ 21؟ آپ کو ابھی بھی بہت کچھ سیکھنا ہے… ایسا لگتا ہے کہ آپ شو میں بہت جلدی آ گئی ہیں۔
ان کی یہ ’ٹی وی ایکٹر‘ والی بات حنا کو پسند نہیں آئی۔
حنا کا کرارا جواب
حنا خان نے پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ کیا ہندوستانی ٹیلیویژن کا سب سے بڑا ریئلٹی شو آئی نوکس میں پریمیئر/ٹیلی کاسٹ ہوا ہے؟ میرے حساب سے تو ٹیلیویژن پر ہی آتا ہے.. ہے نا؟ خیر، ہمارے ٹیلیویژن کا دل اتنا بڑا ہے کہ کوئی بھی اسٹار بننے کی چاہت رکھ سکتا ہے… الحمدللہ۔ مجھے بولنے پر مجبور مت کرو۔
دوسری ٹویٹ میں ’حنا خان ‘ نے لکھا کہ ہم کسی بھی میڈیم میں اچھے اور نمایاں کام کو ترجیح دیتے ہیں اور سبھی میڈیمز کا یکساں احترام کرتے ہیں۔ ٹیلیویژن پر آ کر خود کو فلم ایکٹر کہلانا اور بڑی بڑی باتیں کرنا… یہ کوئی بھی مستند اور نمایاں اداکار کبھی نہیں کرے گا۔ خالی برتنوں سے صرف شور ہوتا ہے، صرف شور۔
ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ سبھی کے تئیں پورے احترام کے ساتھ، شو میں اچھا کرو… لیکن ٹیلیویژن کی بے عزتی کرنے کی ہمت مت کرنا، بس۔
اگرچہ اداکارہ نے بعد میں اپنی پوسٹس کو ڈیلیٹ کر دیا، لیکن اب ان کے اسکرین شاٹس تیزی سے وائرل ہو رہے ہیں۔ بتا دیں کہ حنا خان خود بھی ’بگ باس‘ کا حصہ رہ چکی ہیں اور انہوں نے اشنور کے ساتھ ’یہ رشتہ کیا کہلاتا ہے‘ میں کام کیا تھا۔ دونوں نے اس شو میں ماں–بیٹی کا رول پلے کیا تھا۔