بالی ووڈ میں ادھیڑ عمر ہیروئنوں کے جلوے

Story by  منصورالدین فریدی | Posted by  [email protected] | Date 02-03-2021
رنگینیاں سمیٹ کے انساں بنادیا
رنگینیاں سمیٹ کے انساں بنادیا

 

 

رنگینیاں سمیٹ کے انساں بنادیا

غوث سیوانی،نئی دہلی

قوس قزح میں سات رنگ ہوتے ہیں مگربالی وڈ ایک ایسی رنگین دنیا ہے جسے دیکھ کر لگتا ہے گویا دنیا کے سارے رنگ وہیں سمٹ آئے ہیں۔ بالی وڈ میں خوبصورت،اوربا صلاحیت اداکاراﺅں کی کمی نہیں رہی۔ حسینائیں اپنے ٹیلنٹ کے ذریعے ناظرین کے دل اور دماغ پر چھاتی رہی ہیں۔ پھر وقت بدلا۔ کچھ نے وقت سے پہلے فلموں سے رخصت لی تو وہیں کچھ اب بھی فلموں میں ایکٹنگ کرتی نظر آ جاتی ہیں۔ بعض ہیروئنوں کو فلمیں ملنا بند ہوگئیں تو ٹی شوز کرنے لگیں۔ ان ہیروئنوں کی عمریں چالیس پار کرچکی ہیں،باوجود اس کے آج بھی ان کی ادائیں، خوبصورتی اور ان کی کشش قائم ہے۔ ریکھا اور ہمامالنی کا دور گزرے زمانہ بیتا اور وہ بہت پہلے ساٹھ پارکرچکی ہیں مگرایسا لگتا ہے کہ عمر، ان کے لئے محض ایک ہندسہ ہے۔ ماں کے رول میں آج بھی یہ نہیں جچتیں اور ناظرین کو لگتا ہے کہ انھیں ہیروئن کے رول میں ہی آنا چاہئے۔مادھوری دکشت اور جوہی چاﺅلہ پچاس پار ہیں مگر ان کی مسکان آج بھی دودھاری تلوار کی طرح قتل کرتی ہے۔ شلپاشیٹی، کاجول اور ایشوریہ رائے سینتالیس کے آس پاس ہیں مگر ان کے لٹکوں جھٹکوں پر ادھیڑ عمر مرد ہی نہیں بلکہ نئی نسل بھی فدا ہے۔ ڈانسر ملائکہ اروڑا اب بھی دھان پان سی ہیں اورنئی نسل کے ہیرو ارجن کپور کے ساتھ ڈیٹ کر رہی ہیں۔

مادھوری دکشت  

اداکاری اور رقص سے سامعین کے دلوں میں اپنی خاص جگہ بنانے والی مادھوری دکشت ترپن سال کی ہو چکی ہیں مگر ان کی مسکراہٹ آج بھی ان کی خوبصورتی میں چار چاند لگا دیتی ہے۔ آج کی سندریاں،ا ن کے آگے پانی بھرتی نظر آتی ہیں۔ وہ اب بھی فلمیں کر رہی ہیں۔

ایشوریا رائے بچن

1 نومبر 1973 کو پیدا ہونے والی پیدا ہوانے والی ایشوریہ نے صرف فلموں میں ہی نہیں بلکہ ماڈلنگ کی دنیا میں بھی بلندی حاصل کی ہے۔ سال 1994 میں مس ورلڈ کا خطاب جیتنے والی ایشوریہ چھیالیس سال سے اوپرکی ہو چکی ہیں مگر ان کے حسن کا جلوہ آج بھی برقرار ہے۔

روینا ٹنڈن  مست مست گرل روینا ٹنڈن اپنی زندگی کے لگ بھگ پینتالیس سال پورے کر چکی ہیں۔سلمان کے ساتھ ”پتھر کے پھول“ فلم سے اپنے فلمی کریئر کا آغازکرنے والی روینا کو اصلی شہرت ”مہرا“ فلم سے ملی۔ اگرچہ اب روینا نے فلموں میں اپنی موجودگی کم کر دی ہے مگر جلوہ قائم ہے۔ وہ کچھ ٹی وی شوز میں نظر آرہی ہیں۔

تبو

  حیدرآباد میں پیدا ہونے والی تبو کا اصلی نام تبسم ہاشمی ہے۔ تبو نے اپنے فلمی کیریئر کی شروعات 15 سال کی عمر میں دیو آنند کی فلم”ہم نوجوان“ سے کی تھی۔ 30 سال سے زیادہ وقت فلمی دنیا کو دے چکی تبو کی عمرسینتالیس سال ہے۔ وہ آج بھی کنواری ہیں اوربہت فٹ ہیں۔

ملائکہ اروڑا

بالی ووڈ میں آئٹم گرل اور اداکارہ کے طور پر شناخت بنانے والی ملائکہ چھیالیس سال کی ہو چکی ہیں۔ 1998 میں آئی، شاہ رخ کی فلم ”دل سے“کے ”چھےاں چھیاں“ گانے سے ملائکہ لائم لائٹ میں آئی تھیں۔ یوگا اور ایکسرسائز کی عادی ملائکہ کو دیکھ کر کوئی انھیں تیس سال سے زیادہ کا نہیں کہہ سکتا۔

شلپا شیٹی

 جون 1975 کو کرناٹک میں پیدا ہونے والی شلپا شیٹی آج صرف اداکارہ کے طور پر نہیں بلکہ ایک کامیاب بزنس وومن کے طور پر بھی پہچانی جاتی ہے۔ اپنی زندگی کے تقریبا پینتالیس سال مکمل کر چکی، شلپا آج جتنی گلیمرس ہیں، اتنی تو وہ اس وقت بھی نہیں تھی جب انہوں نے فلمی دنیا میں اپنا آغاز کیا تھا۔

 کرشمہ کپور  

کرشمہ کپور نے اپنا بالی ووڈڈیبیو 1991 میں آئی فلم ”پریم قیدی“ سے کیا تھا۔ کرشمہ کپور خاندان کی پہلی ایسی لڑکی تھیں جنہوں نے اپنی پہلی فلم میں ہی سوئمنگ سوٹ پہن کر خود کو بہت جرات مندانہ طریقے سے پیش کیا تھا۔ فی الحال وہ پینتالیس سال کی ہو چکی ہیں مگر خوبصورتی قائم ہے۔

کاجول

 اگست 1974 کو پیدا ہونے والی کاجول اپنی زندگی کے 42 سال پورے کر چکی ہیں۔ وہ سینئر اداکارہ تنوجا کی بڑی بیٹی ہیں۔ 1992 میں ”بےخودی“ سے اپنا فلمی کیریئر شروع کرنے والی کاجول کو 1993 میں آئی فلم ”بازیگر“نے اچانک ایک بڑا ستارہ بنا دیا تھا۔ اس کے بعد کاجول نے اپنی خوبصورتی اور صلاحیت کے دم پر بالی ووڈ میں نیا مقام بنایا۔

سشمیتا سین

سشمیتا سین کی پیدائش 19 نومبر 1975 کو ہوئی ۔ لگ بھگ چوالیس سال کی ہوچکی سشمیتا 18 سال کی عمر میں اس وقت شہ سرخیوں میں آئیں جب 1994 میں وہ مس یونیورس منتخب ہوئیں۔یہ خطاب جیتنے والی وہ پہلی بھارتی تھیں۔ سشمیتا آج بھی کنواری ہیں اور انھوں نے 2 بیٹیوں کو گود لیا ہے،اس سے پتہ چلتا ہے کہ وہ جسمانی حسن کے ساتھ ساتھ روحانی خوبصورتی سے بھی مالا مال ہیں۔ بڑھتی عمر کے باوجود سشمیتا کا جلوہ قائم ہے۔ وہ آج بھی پرکشش ہیں۔