مجاہد آزادی سے فلمی اداکار تک ۔ اے کے ہنگل کی غیر معمولی داستان

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 15-08-2026
مجاہد آزادی سے فلمی اداکار تک ۔ اے کے ہنگل کی غیر معمولی داستان
مجاہد آزادی سے فلمی اداکار تک ۔ اے کے ہنگل کی غیر معمولی داستان

 



زیبا نسیم:ممبئی

آزادی کی جدوجہد میں سرگرم رہنے والے کسی شخص کا بعد میں فلمی دنیا کا معروف اداکار بن جانا ایک غیر معمولی بات ہے۔ لیکن اوتار کرشن ہنگل کی زندگی ایسی ہی حیرت انگیز داستان اپنے اندر سمیٹے ہوئے ہے۔ دنیا انہیں اے کے ہنگل کے نام سے جانتی ہے۔ وہ ایک طرف برطانوی اقتدار کے خلاف آزادی کی جدوجہد میں سرگرم رہے تو دوسری طرف تھیٹر کے ذریعے عوام میں بیداری پیدا کی اور بعد میں ہندی سنیما کے یادگار اداکاروں میں اپنا مقام بنایا۔اے کے ہنگل 1914 میں پشاور کے ایک کشمیری پنڈت خاندان میں پیدا ہوئے۔ بعد میں ان کا خاندان کراچی منتقل ہوگیا۔ نوجوانی میں وہ متحدہ ہندوستان کی اشتراکی تحریک سے وابستہ ہوگئے۔ 1929 سے 1947 تک انہوں نے برطانوی حکومت کے خلاف مختلف تحریکوں اور احتجاجی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔ طالب علمی کے زمانے میں پشاور میں انہوں نے جلیانوالہ باغ قتل عام کے خلاف طلبہ کی قیادت کی اور برطانوی اقتدار کے خلاف احتجاج کیا۔ کراچی میں بھی ان کی سرگرمیاں جاری رہیں اور کئی مرتبہ گرفتاری کا سامنا کرنا پڑا۔

آزادی کی جدوجہد کے دوران ہنگل نے تھیٹر کو بھی عوامی بیداری کا ذریعہ بنایا۔ وہ مختلف ڈراموں میں اداکاری کرتے تھے اور اس طرح قومی شعور کے پیغام کو لوگوں تک پہنچاتے تھے۔ بعد میں یہی شوق ان کے فنی سفر کی بنیاد بنا۔ ممبئی پہنچنے کے بعد انہوں نے ہندوستانی عوامی تھیٹر انجمن کے کئی ڈراموں میں اداکاری کی اور پھر فلمی دنیا کا رخ کیا۔تقسیم کے بعد ہنگل نے پاکستان میں رہنے کا فیصلہ کیا۔ تاہم اشتراکی نظریات سے وابستگی کے باعث انہیں کراچی میں 1947 سے 1949 تک جیل میں قید رکھا گیا۔ اس دوران انہیں ناقص خوراک اور شہری سہولتوں کی خراب حالت کے خلاف آواز اٹھانے پر تشدد کا بھی سامنا کرنا پڑا۔ بعد میں ان کے مسلم ساتھیوں نے انہیں ہندوستان جانے کا مشورہ دیا۔ وہیں سے ان کی زندگی نے ایک نئے مرحلے میں قدم رکھا۔ان  کا تعلق نہرو خاندان سے بھی تھا اور وہ پنڈت جواہر لال نہرو کی اہلیہ کملہ نہرو کے رشتہ دار تھے۔ ان کی زندگی آزادی کی جدوجہد۔ اشتراکی تحریک۔ تھیٹر اور سنیما کے مختلف ادوار سے گزری۔ وہ ان فنکاروں میں شامل تھے جن کے لیے اداکاری محض پیشہ نہیں بلکہ زندگی بھر کی وابستگی تھی۔

  فلمی سفر کا آغاز

ہنگل ممبئی پہنچے تو ان کی جیب میں صرف 20 روپے تھے۔ ابتدائی دور میں انہوں نے درزی کا کام کیا اور ماہانہ 500 روپے کماتے تھے۔ اس زمانے میں یہ ایک اچھی آمدنی سمجھی جاتی تھی۔ ان کے گاہکوں میں پٹودی کے نواب اور بعض برطانوی شہری بھی شامل تھے۔ سخت حالات کے باوجود انہوں نے ہمت نہیں ہاری اور تھیٹر سے اپنی وابستگی برقرار رکھی۔ جی ہاں !52 سال کی عمر میں انہوں نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز تیسری قسم سے کیا۔ اس فلم میں انہوں نے راج کپور کے بڑے بھائی کا کردار ادا کیا۔ اس کے بعد وہ 250 سے زیادہ فلموں میں نظر آئے۔ شعلے میں ان کے رحیم چاچا کے کردار اور ’’اتنا سناتا کیوں ہے بھائی‘‘ جیسے مکالموں نے انہیں سنیما کے شائقین میں ایک الگ پہچان دلائی۔وہ 1966 سے 2005 تک تقریباً 250 ہندی فلموں میں نظر آئے۔ ان میں شعلے 1975۔ نمک حرام ۔ آندھی ۔ باورچی ۔ لگا ن 2001 اور شرافت  2002 جیسی فلمیں شامل ہیں۔انہوں نے راجیش کھنہ کے ساتھ 16 فلموں میں کام کیا جن میں آپ کی قسم ۔ امر دیپ ۔ قدرت اور سوتیلا بھائی شامل ہیں۔ان کی خاصیت زیادہ تر مثبت کردار تھے جیسے باپ۔ چچا اور بزرگ افراد۔ تاہم انہوں نے کچھ منفی کرداروں میں بھی یادگار پرفارمنس دی۔ ان میں پریم بندھن اور منزل شامل ہیں۔ انہیں 2001 میں لگان میں شمبھو کاکا اور 2012 میں اپنی آخری فلم کرشنا اور کانسا میں اوگراسین کے کردار کے لیے تنقیدی پذیرائی ملی۔

زندگی کا آخری دور 

فلم لگان کی شوٹنگ کے دوران ہنگل غسل خانے میں گر گئے اور تقریباً 30 دن اسپتال میں زیر علاج رہے۔ ان کی علالت کے باعث فلم میں ان کا کردار مختصر کرنا پڑا۔ اس کے باوجود فلم کی پوری طے شدہ رقم انہیں ادا کی گئی اور علاج کے اخراجات میں بھی مدد کی گئی۔ فلم کے اداکار عامر خان اور ان کی سابق اہلیہ رینا بھی اسپتال میں ان کی عیادت کے لیے آتے رہے۔زندگی کے آخری برسوں میں انہیں مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا لیکن انہوں نے فن کا دامن نہیں چھوڑا۔ 98 برس کی عمر میں انہوں نے متحرک فلم کرشن اور کنس کے لیے اپنی آواز دی۔ یہ ان کے طویل فنی سفر کا آخری اہم پڑاؤ تھا۔ لیکن ان کی زندگی آج بھی اس بات کی مثال ہے کہ آزادی کی جدوجہد۔ سماجی نظریات۔ تھیٹر اور سنیما ایک ہی شخصیت کے سفر کا حصہ بن سکتے ہیں۔ اے کے ہنگل نے برطانوی اقتدار کے خلاف نوجوانی میں جو راستہ اختیار کیا تھا وہ انہیں زندگی کے آخری برسوں تک جدوجہد اور فن سے جوڑے رہا اور یہی ان کی شخصیت کو ہندوستانی تاریخ اور سنیما دونوں میں منفرد بناتا ہے۔

وہ آخری سانس تک 

فلموں کے علاوہ ہنگل نے دوردرشن پر بھی کام کیا۔ ان کی آخری ٹیلی ویژن نمائش 2012 میں مدھوبالا۔ ایک عشق ایک جنون میں کیمیو کے طور پر ہوئی تھی ۔ یہ ہندوستانی سنیما کے 100 سال کو خراج تحسین پیش کرنے والی پیش کش تھی۔اپنی بڑھتی عمر کے باوجود ہنگل سنیما سے وابستہ رہے اور اپنی اداکاری سے لوگوں کو اپنے آخری دم تک متاثر کرتے رہے۔ اس وقت کے صدر ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام نے اے کے ہنگل کو 2006 میں پدم بھوشن ایوارڈ سے نوازا۔وہ 26 اگست 2012 کو انتقال کر گئے لیکن ان کی سادگی۔ حب الوطنی اور اداکاری سے لگن آج بھی لوگوں کے ذہنوں میں زندہ ہے۔ ان خوبیوں نے انہیں ہندی سنیما میں ایک خاص مقام عطا کیا۔