سابق کرکٹر سریش رائنا بھی جلد فلمی پردے پر

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 07-07-2025
سابق  کرکٹر سریش رائنا  بھی جلد فلمی پردے پر
سابق کرکٹر سریش رائنا بھی جلد فلمی پردے پر

 



نئی دہلی :  کرکٹ ٹیم کے سابق اسٹار بلے باز سریش رائنا جلد ہی فلمی دنیا میں قدم رکھنے جا رہے ہیں۔ وہ تامل سنیما میں اپنی اداکاری کا آغاز کرنے والے ہیں، جس کا اعلان پروڈکشن ہاؤس ’ڈریم نائٹ اسٹوریز‘ نے اپنے آفیشل ایکس (ٹوئٹر) اکاؤنٹ سے کیا۔ بعد ازاں خود رائنا نے بھی یہ خبر شائقین کے ساتھ شیئر کی۔کرکٹ شائقین میں ’چِنّا تھالا‘ کے نام سے مقبول رائنا نے اپنے شاندار کھیل سے مداحوں کے دل جیتے، اور اب وہ پردۂ سیمیں پر نئی اننگز شروع کرنے کو تیار ہیں۔

فلم کے جاری کردہ ٹیزر ویڈیو میں رائنا کو اسٹیڈیم میں داخل ہوتے دکھایا گیا ہے، جہاں ہزاروں مداح ان کا پُرجوش استقبال کرتے ہیں۔ یہ مناظر ان کے کرکٹ کے دنوں کی جھلک دکھاتے ہیں جب ان کی آمد سے اسٹیڈیم گونج اٹھتا تھا۔

38 سالہ سریش رائنا وہ پہلے کھلاڑی ہیں جنہوں نے بین الاقوامی کرکٹ کی تینوں فارمیٹس—ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی 20—میں سنچری بنانے کا اعزاز حاصل کیا۔ وہ 2011 کے ورلڈ کپ اور 2013 کی چیمپئنز ٹرافی جیتنے والی  ٹیموں کا بھی حصہ رہے۔

رائنا نے 2022 میں تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔ اب ان کے شائقین بےصبری سے اس لمحے کا انتظار کر رہے ہیں جب وہ فلم میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائیں گے۔

کرکٹ میدان کے ہیرو کی یہ نئی فلمی اننگز نہ صرف ان کے مداحوں کے لیے خوشی کا باعث ہے بلکہ اس سے تامل سنیما میں بھی ایک نئی تازگی کی امید کی جا رہی ہے۔