کامیڈین بھارتی سنگھ کے خلاف ایف آئی آر

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 17-05-2022
کامیڈین بھارتی سنگھ کے خلاف ایف آئی آر
کامیڈین بھارتی سنگھ کے خلاف ایف آئی آر

 

 

جالندھر: کامیڈین بھارتی سنگھ داڑھی اور مونچھوں پر تبصرہ کرکے مشکل میں پڑگئی ہیں۔ کامیڈین کے تبصرے سے ناراض سکھ تنظیموں نے سب سے پہلے امرتسر میں بھارتی سنگھ کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی۔

اس کے بعد بھارتی سنگھ کے خلاف جالندھر کے آدم پور تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ آدم پور تھانے کے انچارج بلوندر سنگھ نے بھارتی سنگھ کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی تصدیق کی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ روی داس ٹائیگر فورس کی شکایت پر بھارتی سنگھ کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ دو شہروں میں مقدمات کے اندراج سے بھارتی سنگھ کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے۔

رویداس ٹائیگر فورس کے جسی تلہان کا کہنا ہے کہ بھارتی سنگھ نے سب کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے جس کی وجہ سے ان کے خلاف مقدمہ درج ہونا چاہیے تھا۔ حالانکہ بھارتی سنگھ نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو جاری کرکے اس معاملے پر معافی مانگ لی ہے لیکن اس کے باوجود ان کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جانی چاہیے۔

اس پورے معاملے میں بھارتی سنگھ نے ویڈیو جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کسی مذہب کے خلاف نہیں بولتی ہیں۔ انھوں نے صرف داڑھی اور مونچھوں پر تبصرہ کیا ہے جو تمام مذاہب کے لوگوں کے پاس ہے۔ انہوں نے ویڈیو میں کہا کہ اگر اب بھی میرے ریمارکس سے کسی کو تکلیف پہنچی ہے تو معذرت خواہ ہیں۔

شرومنی اکالی دل نے بھی بھارتی سنگھ کے خلاف پولیس کو شکایت دی ہے۔ شرومنی اکالی دل کی خواتین ونگ اور شرومنی اکالی دل لیڈروں نے پیر کو پولس کمشنر کو ایک مطالبہ خط دیا ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ بھارتی سنگھ نے جان بوجھ کر سکھوں کے عقیدے کو ٹھیس پہنچائی ہے۔

اس معاملے میں ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کیا۔ اکالی دل کے درشن سنگھ اور خواتین ونگ کی کمل جیت کور نے بھی اس معاملے میں پولس کمشنر سے ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ بالی ووڈ اداکار سکھوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے کی کوشش کر رہی ہیں اور بھارتی سنگھ کے ریمارکس کی شدید مذمت کی۔