فلم تھاما نے پہلے دن 25.11 کروڑ روپے کمائے

Story by  PTI | Posted by  Aamnah Farooque | Date 22-10-2025
فلم تھاما نے پہلے دن 25.11 کروڑ روپے کمائے
فلم تھاما نے پہلے دن 25.11 کروڑ روپے کمائے

 



ممبئی/ آواز دی وائس
آیوشمان کھرانہ اور رشمیکا مندانا کی ’ہارر کامیڈی‘ فلم ’تھاما‘ نے ریلیز کے پہلے ہی دن پورے ہندوستان کے سنیما گھروں سے 25.11 کروڑ روپے کی شاندار کمائی کی۔  یہ فلم ’میڈاک فلمز‘ کے ’میڈاک ہارر کامیڈی یونیورس‘  کی ہارر کامیڈی سیریز کی پانچویں قسط ہے۔ یہ فلم منگل کو پورے ہندوستان میں سنیما گھروں میں ریلیز ہوئی۔ ’میڈاک فلمز‘ نے اپنے سرکاری سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر فلم کی کمائی کے اعداد و شمار شیئر کیے۔
اسٹودیو نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ سنیما گھروں میں ’تھاما‘ کا دھماکہ! یہی ہے اصلی سنسنی۔ پوسٹر میں بتایا گیا کہ فلم نے ریلیز کے پہلے دن ملک بھر کے سنیما گھروں سے 25.11 کروڑ روپے کمائے۔ فلم ’تھاما‘ کی کہانی ایک صحافی آلوک گوئل (آیوشمان کھرانہ) کے گرد گھومتی ہے، جس کی زندگی اس وقت بدل جاتی ہے جب وہ پہاڑوں میں ٹریکنگ کے دوران ایک پراسرار اور ماورائی عورت تارکا (رشمیکا مندانا) سے ملتا ہے، جو اس کی جان بچاتی ہے۔
آلوک کی دنیا اُس وقت بالکل بدل جاتی ہے جب وہ ایک ’بیتال‘ جیسے مخلوق میں تبدیل ہو جاتا ہے۔ اسے ایک قدیم بیتال ’یَکشاسن‘ (نوازالدین صدیقی) کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جو سو برسوں سے زنجیروں میں جکڑا ہوا تھا اور اب آزادی حاصل کرکے دنیا پر حکومت کرنے کا خواہش مند ہے۔
اس فلم میں پریش راول اور گیتا اگروال شرما نے آلوک کے والدین کا کردار نبھایا ہے۔
فلم کا ہدایت کار آدتیہ سرپوتدار ہے، جو اپنی پچھلی فلم ’منجیا‘ کے لیے مشہور ہیں، جبکہ کہانی نیرن بھٹ، سریش میتھیو اور ارون پھلارا نے لکھی ہے۔ فلم کی تیاری ’میڈاک فلمز‘ کے سربراہ دینیش وجان اور فلم ساز امر کوشک نے کی ہے۔
یہ فلم ’ستری‘، ’بھیڑیا‘، ’منجیا‘ اور ’ستری 2‘ کے بعد اس فرنچائز کی پانچویں قسط ہے۔ ’میڈاک ہارر کامیڈی یونیورس‘ کی آنے والی فلموں میں ’شکتی شالنی‘، ’بھیڑیا 2‘، ’چامنڈا‘، ’ستری 3‘ اور ’مہا منجیا‘ شامل ہیں۔ یہ سلسلہ آگے بڑھتے ہوئے ’پہلا مہایُدھ‘ اور ’دوسرا مہایُدھ‘ کے ساتھ جاری رہے گا۔