دلیپ کمار مخصوص اداکاری تک محدود رہے۔ نصیر الدین شاہ

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 14-07-2021
دلیپ کمار پر نصیر الدین شاہ کا بیان
دلیپ کمار پر نصیر الدین شاہ کا بیان

 

 

ممبئی:بالی ووڈ کے کے شہنشاہ جذبات دلیپ کمار اس دنیا سے رخصت ہوگئے ،طویل علالت کے بعد ان کا پچھلے ہفتے انتقال ہوا۔فلمی دنیا میں ہر کوئی افسردہ ہے۔ اس کی موت کو ناقابل تلافی مان رہا ہے۔ ظاہری بات ہے کہ دلیپ کمار کی اداکاری پر کوئی سوال نہیں اٹھ سکتا ۔کیونکہ آج بھی ہر کوئی اس کے معیار کو چھونے کی کوشش کرتا ہے۔لیکن اب ایک سینئر اداکار نصیر الدین شاہ نے اس بات پر حیرت کا اظہار کیا ہے کہ بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار مرحوم دلیپ کمار نے خود کو صرف مخصوص اداکاری تک محدود رکھا، جبکہ وہ بہت بڑے اداکار اور ان کی شخصیت ہر قسم کی عیب سے پاک تھی۔

 دلیپ کمار مرحوم کے انتقال پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ایک مضمون میں نصیر الدین شاہ کا کہنا تھا کہ اس میں تو کوئی شک ہی نہیں کہ وہ جادوئی حیثیت کے حامل اور عظیم انسان تھے۔

 تاہم نصیرالدین شاہ نے دلیپ کمار کی فلموں میں کنٹری بیوشن پر سوالات اٹھائے ہیں اور کہا کہ اگر ان کے ہم عصروں سے ان کا تقابل کیا جائے تو ان کی اداکاری کا دائرہ کار محدود تھا۔

 دلیپ کمار کا 7 جولائی کو طویل علالت کے بعد ممبئی میں انتقال ہوگیا تھا اور یہ بھی ایک اتفاق تھا کہ نصیر الدین شاہ نمونیا میں مبتلا ہوکر اسی اسپتال میں داخل تھے جہاں پر دلیپ کمار نے اپنی زندگی کے آخری ایام گزارے تھے، تاہم ان دونوں کی اسپتال میں ملاقات نہ ہوسکی تھی۔

 نصیر الدین شاہ نے مزید کہا کہ بلاشبہ دلیپ کمار نے اداکاری کے کچھ ایسے جوہر بھی دکھائے جو کہ وقت گزرنے کے باوجود برقرار رہیں گے، لیکن جو انکی پوزیشن تھی، وہ اس کے مطابق نہیں۔

 انھوں نے خود کو صرف اداکاری اور سماجی خدمات تک محدود رکھا، انھوں نے صرف ایک فلم پروڈیوس کی جبکہ کوئی فلم ڈائریکٹ نہیں کی اور اپنے تجربات کو دوسروں تک منتقل نہیں کیا، جبکہ مستقبل کے اداکاروں کے لیے اپنے پیچھے کوئی سبق بھی نہیں چھوڑا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ دلیپ کمار کی خود نوشت بھی زیادہ تر پرانے انٹرویوز پر مبنی تھے۔