کورونا:صرف 15 دنوں میں 16 معروف شوبز شخصیات کی موت

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 06-05-2021
دنیا چھوڑ گئے ۔۔۔
دنیا چھوڑ گئے ۔۔۔

 

 

 آواز دی وائس: نئی دہلی

کورونا کی دوسری لہرنے ہندوستان میں کہرام مچا رکھا ہے جبکہ اب تیسری لہرکی آمدکا خوف سوار ہوگیا ہے۔ اموات کا سلسلہ تھم نہیں رہا ہے،قبرستان سے شمشان تک قطاریں لگی ہیں۔اس وبا نے ہرشعبہ زندگی کو متاثر کیا ہے ۔ کیا ادیب ،کیا شاعر،کیا سیاستداں ،کیا کھلاڑی اور کیا فلمی ستارے۔ کورونا سب کو نگل رہا ہے۔گزشتہ دو ہفتوں کے دوران 16 اداکار کورونا کے باعث چل بسے۔دو مختلف رپورٹس کے مطابق 6 مئی کو کورونا کے باعث ہندی، تامل اور تیلگو فلموں کی اداکارہ شری پرادا سمیت تامل اور تیلگو فلموں کے اداکار پانڈو چل بسے۔

تیلگو اور تامل فلموں کے کامیڈین پانڈو کی کورونا کی وجہ سے طبیعت کافی خراب ہوگئی تھی، جس کی وجہ سے انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ 6 مئی کو چل بسے۔پانڈو کی عمر 74 برس تھی اور انہوں نے سب سے زیادہ تامل فلموں میں کام کیا اور وہ جنوبی ہندوستانی فلم انڈسٹری کے جانے پہچانے اداکار تھے۔کورونا کی وجہ سے ہی ہندی، تامل اور تیلگو فلموں کی اداکارہ شری پرادا بھی کورونا کے باعث چل بسیں۔چھچھورے، بدری ناتھ کی دلہنیا اور گڈ نیوز جیسی بولی وڈ فلموں میں کام کرنے والی اداکارہ ابھیلاشا پٹیل بھی کورونا کے باعث چل بسیں۔ایک ہی دن میں تینوں اداکاروں کے کورونا کے باعث چل بسنے سے پہلے بھی گزشتہ دو ہفتوں سے یومیہ کم از کم ایک اداکار، اداکارہ یا شوبز سے وابستہ شخصیت کا کورونا کے باعث انتقال ہوا۔

کورونا کے باعث ہلاک ہونے والی دوسری مشہور شوبز شخصیات میں فلم ہیٹ اسٹوری، پیج تھری، مرڈر 2 اور سیلز مین جیسی فلموں کے اداکار بکرم جیت کنور پال اور گلوکار و موسیقار شرن راٹھوڑ شامل ہیں۔شرن راٹھوڑ موسیقار ندیم کے ساتھ جوڑی کے طور پر کام کرتے تھے اور ان کی جوڑی 1990 کی مقبول موسیقار جوڑیوں میں شمار ہوتی تھی، ان کی جوڑی کو ندیم شرن کا نام دیا گیا تھا۔کورونا کی وبا سے حالیہ دنوں میں ٹی وی و فلموں کے اداکار ستیش کال، شوٹر دادی، چندرو تومر، گلوکار پنڈت راجن مشرا، اداکار ویرا ستھیدر، اداکارہ کنوپریا، اداکار نوین اور اداکار کشور ننڈ لاسکر بھی چل بسے۔

 علاوہ ازیں کورونا سے گزشتہ ہفتے اینکر اور صحافی روہت سردانا اور باڈی بلڈر جگدیش لاڈ بھی چل بسے تھے۔کورونا کے باعث گزشتہ دو ہفتوں کے دوران اداکاروں، فنکاروں، پروڈیوسرز صحافی اور باڈی بلڈرز سمیت مجموعی طور پر 16 معروف شخصیات چل بسیں۔

کورونا کا خوف اب اس حد تک ہوگیا ہے کہ فلمی دنیا کے ستارے مالدیپ کا رخ کررہے ہیں جو کہ کورونا سے محفوظ ہے۔فلمی ستاروں اور صنعت کاروں کے مالدیپ میں چھٹیاں منانے اور عیش کرنے پر سوشل میڈیا پر زبردست تنقید بھی کی جارہی ہے۔