سردار جی 3 میں پاک اداکارہ ہانیہ کی موجودگی پر تنازع

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 23-06-2025
سردار جی 3  میں پاک اداکارہ ہانیہ کی موجودگی پر تنازع
سردار جی 3 میں پاک اداکارہ ہانیہ کی موجودگی پر تنازع

 



ممبئی/ آواز دی وائس
اتوار کی رات دیر گئے دلجیت دوسانج نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ سے اپنی فلم "سردار جی-3" کا ٹریلر شیئر کیا، جو 27 جون کو ریلیز ہونے والی ہے۔ تاہم، اس فلم میں پاکستانی اداکارہ ہانیا عامر کی موجودگی کے باعث تنازع کھڑا ہو گیا ہے۔
ویسٹرن انڈیا سینی ایمپلائز فیڈریشن (ایف ڈبلیو آئی سی ای ) کے صدر بی این تیواری نے انٹرویو میں کہا کہ یہ فلم ہندوستان میں ریلیز نہیں ہونے دی جائے گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ جو بھی پروڈیوسر یا اداکار پاکستانی فنکاروں کے ساتھ کام کریں گے، انہیں ہندوستان میں بین کر دیا جائے گا، اور دلجیت دوسانج کو بھی ملک میں کہیں پرفارم کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ بی این تیواری کے مطابق، ہم نے ان پر پہلے ہی پابندی عائد کی تھی تاکہ یہ فلم ریلیز نہ ہو۔ اب اگر وہ اسے پاکستان یا کسی غیر ملکی جگہ ریلیز کرتے ہیں، تو دلجیت دوسانج، ان کی پروڈکشن کمپنی وائٹ لیدر ہاؤس اور تمام پروڈیوسرز پر ہندوستان میں مکمل پابندی لگائی جائے گی۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ فلم میں 4-5 پاکستانی فنکار شامل ہیں اور اس میں ہندوستان کے خلاف بیانات دیے گئے ہیں۔ ایسے لوگوں کو کبھی معاف نہیں کیا جا سکتا۔ فیڈریشن نے مکمل طور پر "سردار جی-3" پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔
بی این تیواری نے کہا کہ ہم وزارتِ اطلاعات و نشریات، وزارتِ داخلہ اور وزیر اعظم کو آج ہی خط لکھ رہے ہیں کہ ان کے خلاف فوری کارروائی کی جائے، کیونکہ یہ ملک سے غداری ہے۔ اگر یہ سینسر کے بغیر کہیں بھی ریلیز کرنے کی کوشش کریں گے تو انہیں معاف نہیں کیا جائے گا۔
انسٹاگرام پر ٹریلر ریلیز، یوٹیوب سے پرہیز
دلجیت نے یوٹیوب کے بجائے ٹریلر صرف انسٹاگرام پر جاری کیا ہے۔ اس کی ممکنہ وجہ یہ ہے کہ پہلگام حملے کے بعد ہندوستانی یوٹیوب چینلز سے تمام پاکستانی فنکاروں کی ویڈیوز ہٹا دی گئی تھیں۔ اسی پالیسی کے تحت جن فلموں میں پاکستانی اداکار موجود تھے، ان کے چہرے بھی یوٹیوب سے ہٹا دیے گئے۔
فیڈریشن: پاکستانی فنکاروں کے ساتھ کام ملک سے غداری کے مترادف
پہلگام دہشت گرد حملے کے بعد فیڈریشن نے اعلان کیا تھا کہ کسی بھی پاکستانی فنکار کے ساتھ کام کرنا ملک سے غداری تصور کیا جائے گا اور ایسا کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔
سوشل میڈیا پر فلم کے ٹریلر کی مذمت
سوشل میڈیا پر کئی صارفین فلم میں پاکستانی اداکارہ کی موجودگی پر ناراضی ظاہر کر رہے ہیں۔
ایک صارف نے لکھا کہ یہ سب لوگ ہندوستان کے خلاف زہر اگلتے ہیں اور ہمارے ملک کے لوگ انہیں کام دیتے ہیں۔ دوسرے نے لکھا کہ میں اس فلم کے لیے پُرجوش تھا، لیکن اب نہیں۔ ملک سب سے پہلے ہے۔ ایک اور صارف نے کہا کہ پیسوں کے لیے کتنا گریں گے؟ کبھی شہید جوانوں کے بارے میں بھی سوچ لیا کرو۔
ہانیا عامر نے "آپریشن سیندور" کی مذمت کی تھی
۔22 اپریل کو پہلگام میں ہوئے دہشت گرد حملے کے بعد ہندوستان نے "آپریشن سیندور" کے تحت پاکستانی دہشت گردوں کو نشانہ بنایا تھا۔ اس پر ہانیا عامر نے سوشل میڈیا پر سخت اعتراض کیا اور اسے "بزدلی" اور "ظلم" قرار دیا۔ انہوں نے کہا تھا کہ "بچوں کو بم سے اڑانا کوئی اسٹریٹیجی نہیں، یہ شرمناک ہے اور ہم اس کا جواب دیں گے۔
وزیر اعظم مودی سے ملاقات میں ملی تھی دلجیت کو پذیرائی
یاد رہے کہ نئے سال کے موقع پر دلجیت دوسانج نے وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی تھی، جہاں انہوں نے مودی کو گانا سنایا تھا اور انہیں سراہا بھی گیا تھا۔ اب اس تنازع کے بعد دلجیت دوسانج کی فلم "سرادر جی-3" اور ان کی شبیہہ پر سنگین سوال کھڑے ہو گئے ہیں، اور ملک میں اس کی ریلیز پر غیریقینی کی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔