ممبئی/ آواز دی وائس
حال ہی میں مشہور ٹی وی شو "تارک مہتا کا الٹا چشمہ" نے اپنے 17 سال مکمل کر لیے ہیں۔ اس خوشی میں شو کے پروڈیوسرز کی جانب سے ایک پارٹی کا اہتمام کیا گیا، جس میں شو سے جُڑے تمام فنکار شریک ہوئے۔ یہ جشن گورےگاؤں فلم سٹی میں ٹی ایم کے او سی کے اندرونی سیٹ پر منایا گیا۔
جشن میں شو کے میکرز اسیت مودی، اداکار دلیپ جوشی، منمن دتہ، امت بھٹ، تنوج مہاشبدے، سچن شروف سمیت دیگر چہرے بھی نظر آئے۔ اس موقع پر فنکاروں کے اہلِ خانہ بھی موجود تھے۔ دلیپ جوشی اور دیگر اداکاروں کے والدین اور گھر والوں نے مل کر کیک کاٹا۔
شو میں جےٹھالال کا کردار ادا کرنے والے دلیپ جوشی نے یادگار لمحے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بچپن سے میں تارک بھائی کا 'دنیا نہ اُونڈھا چشمہ' پڑھتا آیا ہوں۔ مجھے معلوم تھا کہ یہ کردار کتنا دلچسپ ہے۔ جب 2008 میں اسیت بھائی نے مجھے اپنے آفس بلایا تھا، وہ لمحہ میں آج تک نہیں بھولا۔ وہ لمحہ آج بھی میرے ذہن میں نقش ہے۔
ڈاکٹر ہاتھی کا کردار نبھانے والے نرمل سونی نے اپنا تجربہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ مجھے کبھی محسوس ہی نہیں ہوا کہ میں ایکٹنگ کر رہا ہوں۔ مجھے ایسا لگتا ہے جیسے میں کسی اصل مشن پر نکلا ہوں۔ میں ایک حالیہ تجربہ شیئر کرنا چاہوں گا—میں نے حال ہی میں گھر بدلا ہے۔ جب میں نیا گھر دیکھنے گیا تو وہاں کے سیکریٹری نے مجھ سے کہا کہ سر! ہماری سوسائٹی بالکل گوکلدھام کی طرح ہے، ہم سب ایسے ہی رہتے ہیں۔
وہیں، کرشنا ائیر کا کردار نبھانے والے اداکار تنوج مہاشبدے نے نٹّو کاکا اور ہاتھی بھائی کو یاد کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اب ہمارے درمیان نہیں رہے، لیکن آج بھی ہمارے ساتھ موجود ہیں۔
اب تک شو کے 4459 اقساط نشر ہو چکے ہیں۔
بتا دیں کہ نٹّو کاکا کا کردار پہلے گھنشیام نائک نبھاتے تھے، لیکن 2021 میں ان کے انتقال کے بعد یہ کردار اب کیرن بھٹ ادا کر رہے ہیں۔ اسی طرح ہاتھی بھائی کا کردار پہلے کوی کمار آزاد کرتے تھے، لیکن ان کے انتقال کے بعد نرمل سونی نے یہ کردار سنبھالا ہے۔
یہ شو سال 2008 میں شروع ہوا تھا اور اب تک کا سب سے طویل چلنے والا ٹی وی شو بن چکا ہے۔ یہ شو مصنف تارک مہتا کی تحریر "دنیا نے اُونڈھا چشمہ" پر مبنی ہے، جو وہ گجراتی میگزین "چترلیکھا" کے لیے لکھا کرتے تھے۔ اس شو کو مرہٹی اور تیلگو زبان میں بھی ڈب کیا گیا ہے۔