کانز فیسٹیول: پاکستان کی پہلی فلم ’جوائے لینڈ‘ نے ایوارڈ جیت لیا

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 28-05-2022
کانز فیسٹیول:  پاکستان کی پہلی فلم ’جوائے لینڈ‘ نے ایوارڈ جیت لیا
کانز فیسٹیول: پاکستان کی پہلی فلم ’جوائے لینڈ‘ نے ایوارڈ جیت لیا

 

 

 کانز: پاکستان کی فلم ’جوائے لینڈ‘ نے دنیا کے سب سے بڑے فلمی فیسٹیول کانز میں ایوارڈ جیت لیا ہے۔ یہ پاکستان کی پہلی فلم تھی جس کو کانز فیسٹیول میں سکرین کیا گیا۔ اس کا اعلان 23 مئی کو کیا گیا تھا۔ فلم کی نمائش پر شرکا نے نشستوں سے کھڑے ہو کر اس کو سراہا تھا

صحافی آمنہ ایسانی نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’صائم صادق کی فلم ’جوائے لینڈ‘ نے جیوری پرائز جیت لیا ہے جو کہ پوری ٹیم کے لیے اعزاز کی بات ہے، اب ضرورت اس امر کی ہے کہ اس فلم کو پاکستان کے سینیما گھروں میں ریلیز کیا جائے۔‘

پاکستانی ہدایتکار و لکھاری صائم صادق کی مختصر فلم ’جوائے لینڈ‘ کا ورلڈ پریمیئر پیر کو ہوا تھا جس میں فلم کی کاسٹ ریڈ کارپٹ پر جلوہ گر ہوئی۔ پروڈیوسر سرمد کھوسٹ اور اپوروا چرن کی اس فلم کی کاسٹ میں ثروت گیلانی، ثانیہ سعید، علی جونیجو، علینہ خان، سفینہ جعفری شامل

اس فلم کی کہانی ایک خواجہ سرا کی زندگی کے گرد گھومتی ہے۔ کانز فلم فیسٹول میں فیچرز فلموں کی کیٹیگری صرف 14 فلموں تک محدود ہوتی ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ صائم صادق کی 2019 کی شارٹ فلم ’ڈارلنگ‘ وینس اور ٹورنٹو فلم فیسٹیول میں نمائش کے لیے پیش کی گئی تھی۔ فیسٹیول میں پریمیئر ہونے والی پاکستانی فلم کی کاسٹ کی تصویر فیسٹول کے آفیشل انسٹا ہینڈل پربھی شیئرکی گئی۔ جس پر اداکارہ ثروت گیلانی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر لکھا کہ ’پرچم یادگار ہے۔

یہ میری، میری سرزمین، میری جدوجہد اور میری ثقافت کی نمائندگی کرتا ہے۔ بحیثیت فنکار میں جو ہوں اس کا مجسمہ ہوں اوراس کی نمائندگی کرنا ایک خواب پورا ہونے کے مترادف ہے۔ یہ ان تمام لوگوں کے لیے ہے جو مجھ پر یقین رکھتے ہیں، ان لوگوں کے لیے جنہوں نے میرا ساتھ دیا اور میرے شاندار لوگوں کی سرزمین کے لیے۔

‘ اداکارہ ثانیہ سعید نے بھی اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر فلم کے پریمیئر سے ایک دن قبل فلم کی دیگر کاسٹ کے ہمراہ تصویر شیئر کی تھی۔ سترہ مئی سے شروع ہونے والے کانز فیسٹیول کا آخری روز ہے۔ ’جوائے لینڈ‘ کو تب سے ہی سوشل میڈیا پر بہت سراہا جا رہا تھا جب اس کو کانز فلم فیسٹیول میں شامل کیا گیا اور ٹوئٹر پر اس کا ٹرینڈ بھی چلا۔ اس وقت بھی اسی نام سے ٹرینڈ چل رہا ہے جس میں فلمی شخصیات اور دیگر صارفین مسرت اور اپنے اپنے خیالات کا اظہار کر رہے ہیں۔