بارہ شوز کی منسوخی، منور فاروقی سٹینڈ اپ کامیڈی سے دستبردار

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 29-11-2021
 بارہ شوز کی منسوخی، منور فاروقی سٹینڈ اپ کامیڈی سے دستبردار
بارہ شوز کی منسوخی، منور فاروقی سٹینڈ اپ کامیڈی سے دستبردار

 

 

ممبئی :دو ماہ کے دوران اپنا 12 واں شو منسوخ ہونے کے بعد دلبرداشتہ  کامیڈین منور فاروقی نے ا سٹینڈ اپ کامیڈی سے دستبراری کا فیصلہ کیا  ہے۔  جنوبی شہر بنگلور کے گڈ شیفرڈ آڈیٹوریم میں ہونے والا شو ’ڈونگری ٹو نوویئر‘ اتوار کو منسوخ کر دیا گیا۔ اس کے جواب میں کامیڈین نے اتوار کو ایک بیان جاری کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ دو ماہ میں دھمکیوں کی وجہ سے انہیں یہ بارہواں شو منسوخ کرنا پڑا۔کچھ سیاسی اور سماجی گروپس کی جانب سے دی جانے مبینہ دھمکیوں کے بعد بنگلور پولیس نے منتظمین سے مزاحیہ اداکار منور فاروقی کے شو کو منسوخ کرنے پر زور دیا تھا۔

منتظمین کو لکھے گئے خط میں پولیس نے کہا: ’معتبر اطلاعات ہیں کہ کئی تنظیمیں اس سٹینڈ اپ کامیڈی شو کی مخالفت کر رہی ہیں اور یہ شو شہر میں افراتفری پیدا کر سکتا ہے اور عوامی امن اور ہم آہنگی کو نقصان پہنچا سکتا ہے جس سے امن و امان کے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔ پولیس نے مزید کہاہے کہ یہ معلوم ہوا ہے کہ منور فاروقی ایک متنازع شخصیت ہیں کیونکہ انہوں نے دوسرے مذاہب کے دیوتاؤں کے بارے میں متنازع بیانات دیے ہیں۔‘ پولیس کے مطابق اتوار کی صبح شو کو منسوخ کر دیا گیا۔

شو کی منسوخی کے بعد منور فاروقی نے اپنی ایک ٹویٹ میں لکھا: ’نفرت جیت گئی، فنکار ہار گیا۔ میں یہ ختم کر رہا ہوں! الوداع! یہ ناانصافی ہے۔‘

انسٹاگرام پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ اتوار کو ہونے والا ان کا شو، جس کی 600 سے زائد ٹکٹیں فروخت ہو گئی تھیں، پنڈال میں توڑ پھوڑ کی دھمکیوں کے بعد منسوخ کر دیا گیا۔

انہوں نے لکھاہے کہ مجھے ایک مذاق کے لیے جیل میں ڈال دیا گیا لیکن میں نے اپنے شو کو کبھی منسوخ نہیں کیا کیوں کہ اس میں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔

 

یہ غیر منصفانہ ہے۔‘ انہوں نے کہا کہ ان کے شو کو ’بھارت میں تمام مذاہب سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی طرف سے بہت پیار ملا۔

منور فاروقی نے یہ بھی بتایا کہ ان کے پاس شو کے لیے ’سنسر سرٹیفکیٹ‘ ہے لیکن دھمکیوں کی وجہ سے گذشتہ دو ماہ کے دوران ان کے 12 شوز منسوخ کر دیے گئے۔

اسٹینڈ اپ کامیڈی سے دست براری کا عندیہ دیتے ہوئے انہوں نے کہاہے کہ میرا خیال ہے کہ یہ اختتام ہے۔ میرا نام منور فاروقی ہے اور میں یہ ختم کر رہا ہوں ۔ آپ لوگ بہت اچھے سامعین تھے۔ الوداع۔‘ رواں سال کے شروع میں منور فاروقی کو ایک ماہ سے زیادہ وقت جیل میں گزارنا پڑا تھا جب کچھ انتہا پسند ہندو گروہ ان کے ایک شو کے دوران مبینہ طور پر کیے گئے تبصروں سے ناراض ہو گئے تھے۔