بالی وڈ: پیارعاری ایک ’زہریلی‘ دنیا ہے: کنگنا رناوت

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 08-09-2021
کنگنا رناوت
کنگنا رناوت

 

 

 بالی وڈ کی ’پنگا گرل‘ کنگنا رناوت نے ایک بار پھر بالی وڈ انڈسٹری پر تنقید کرتے ہوئے اسے ایسی جگہ قرار دیا ہے جہاں پیار اور ہمدردی نہیں ہے۔

انڈین اخبار دا انڈین ایکسپریس کے مطابق یوٹیوب چینل ’ٹرائیڈ اینڈ ریفیوزڈ پروڈکشنز‘ سے بات کرتے ہوئے کنگنا نے کہا کہ انڈسٹری ایک زہریلی جگہ ہے۔

کنگنا رناوت نے کہا کہ ’مقامی سینما کی نسبت ہندی فلمز میں چونکہ ہم سب ممبئی چلے گئے ہیں وہاں بہت زیادہ تنوع ہے اور ہمیشہ پریشانی بھی رہتی ہے۔ ہر کوئی دوسرے کو نیچا دکھانا چاہتا ہے جو کہ بالکل بھی معاون نہیں ہے۔ یہ ایسی زہریلی جگہ بن چکی ہے جہاں کوئی دوسرے کے لیے خوش نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’ایسی جگہ جہاں کوئی پیار، ہمدردی، دوستی، تعاون کا احساس ہی نہ ہو آپ صرف تصور ہی کر سکتے ہیں کہ وہ جگہ کتنی زہریلی ہو سکتی ہے۔

 کنگنا رناوت ان دنوں اپنی آنے والی نئی فلم ’تھالے وی‘ کی پروموشن میں مصروف ہیں جو انڈین ریاست تامل ناڈو کی سابق وزیراعلیٰ جے للتا کی بائیوپک یعنی ان کے زندگی اور حالات و واقعات پر مبنی ہوگی۔