ممبئی/ آواز دی وائس
ہندوستانی سنیما کی بہترین اداکاراؤں میں شمار ہونے والی ریکھا آج اپنا 71واں یومِ پیدائش منا رہی ہیں۔ انہوں نے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز تیلگو فلموں میں بطور چائلڈ آرٹسٹ کیا تھا۔ ان کے والد جیمِنی گنیسن اور والدہ پُشپاوَلّی دونوں ہی شاندار فنکار تھے۔ ریکھا اپنی اداکاری کے لیے جانی جاتی ہیں۔ انہوں نے جس بھی فلم میں کام کیا، اپنی اداکاری سے ناظرین کے دل جیت لیے۔ سنیما کو انہوں نے ایک سے بڑھ کر ایک بلاک بسٹر فلمیں دیں۔ ان کے یومِ پیدائش کے موقع پر آئیے نظر ڈالتے ہیں ان کی دس بہترین فلموں پر ۔
۔1. امراؤ جان (1981)
فلمی دنیا میں بطور چائلڈ آرٹسٹ آغاز کرنے والی ریکھا کی فلم امراؤ جان سال 1981 میں ریلیز ہوئی تھی۔ اس فلم میں شاندار اداکاری کے لیے ریکھا کو 29ویں فلم فیئر ایوارڈ میں بہترین اداکارہ کے اعزاز سے نوازا گیا۔
۔2. کل یُگ (1981)
ریکھا کی بہترین فلموں میں سے ایک کل یُگ بھی ہے جو 1981 میں سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی گئی۔ اس فلم میں ششی کپور، راج ببر اور دیگر نامور فنکار اہم کرداروں میں نظر آئے۔
۔3. خون بھری مانگ (1988)
سال 1988 کی بلاک بسٹر فلم خون بھری مانگ ریکھا کے فلمی کیریئر کی ایک بڑی کامیابی ثابت ہوئی۔ اس فلم نے اُس وقت باکس آفس پر تقریباً 6 کروڑ روپے کا بزنس کیا۔
۔4. خوبصورت (1980)
سال 1980 میں ریلیز ہونے والی فلم خوبصورت میں ریکھا کے ساتھ اشوک کمار اور راکیش روشن نے بھی اہم کردار ادا کیے۔ یہ فلم آج بھی ایک کلاسک مانا جاتا ہے۔
۔ 5 مقدر کا سکندر (1978)
ریکھا اور امیتابھ بچن کی جوڑی جب بھی بڑے پردے پر نظر آئی، ناظرین نے بے پناہ محبت دی۔ 1978 میں ریلیز ہونے والی فلم مقدر کا سکندر نے باکس آفس پر شاندار کمائی کی۔
۔6. نمک حرام (1973)
سال 1973 میں ریلیز ہونے والی فلم نمک حرام میں ریکھا کی متاثرکن اداکاری دیکھنے کو ملی۔ اس فلم میں ان کے ساتھ امیتابھ بچن، سِمی گریوال اور راجیش کھنہ بھی شامل تھے۔
۔7. پھول بنے انگارے (1991)
۔1991 میں ریکھا اور جنوبی ہند کے سپر اسٹار رجنی کانت کی جوڑی نے پردے پر ناظرین کو بہت متاثر کیا۔ اس فلم کی تیاری پر تقریباً 2.15 کروڑ روپے خرچ ہوئے اور اس نے 6 کروڑ روپے کا شاندار بزنس کیا۔
۔8. مسٹر نٹورلال (1979)
امیتابھ بچن اور ریکھا کی مشہور فلم مسٹر نٹورلال سال 1979 میں ریلیز ہوئی۔ ریکھا نے اپنی شاندار اداکاری سے ناظرین کا دل جیت لیا۔
۔9. لجّہ (2001)
ریکھا کی بہترین فلموں میں سے ایک لجّہ بھی ہے جو 2001 میں ریلیز ہوئی۔ اس فلم میں ریکھا کے ساتھ منیشا کوئرالا، مادھوری دکشت، مہما چوہدری، انیل کپور، اجے دیوگن اور جیکی شروف بھی شامل تھے۔
۔10. سلسلہ (1981)
ریکھا اور امیتابھ بچن کی بلاک بسٹر فلم سلسلہ 1981 میں سینما گھروں میں ریلیز ہوئی۔ اس فلم کو ناظرین نے بے حد پسند کیا، اور یہ آج بھی ہندوستانی سنیما کی یادگار فلموں میں شمار کی جاتی ہے۔