ممبئی/ آواز دی وائس
ٹی وی سیریل "سپنہ بابل کا… بدائی"، "پریت سے بندھی یہ ڈوری رام ملائی جوڑی" اور "سسرال سمر کا" میں اپنی شاندار اداکاری کے لیے مشہور اداکارہ سارہ خان نے اداکار و فلم ساز کرِش پاٹھک سے باضابطہ طور پر شادی کر لی ہے۔ تقریباً ایک سال تک ڈیٹنگ کے بعد، اس جوڑے نے 6 اکتوبر کو ایک نجی عدالت میں شادی کی رجسٹریشن مکمل کی۔
سارہ خان نے یہ خوشخبری انسٹاگرام پر شیئر کی، جہاں انہوں نے کرِش کے ساتھ دل کو چھو لینے والی تصاویر اور ایک جذباتی پیغام پوسٹ کیا۔ ان کا یہ نوٹ ان کے بین المذاہب رشتے کی خوبصورت جھلک پیش کرتا ہے۔ سارہ نے لکھا کہ دو مذہب، ایک کہانی، بے پناہ محبت۔ دستخط مکمل ہو گئے ہیں۔ ‘قبول ہے’ سے ‘سات پھیرے’ تک کا سفر اب شروع ہو چکا ہے۔ اس دسمبر میں ہم اپنے عہد و پیمان کا انتظار کر رہے ہیں ۔ دو دل، دو ثقافتیں، اور ہمیشہ کے لیے ایک رشتہ۔ ہماری محبت کی کہانی ایک ایسے بندھن کی تشکیل ہے جہاں مذاہب آپس میں جڑتے ہیں، بٹتے نہیں۔ کیونکہ جب محبت اصل موضوع ہو، تو باقی سب کچھ ایک خوبصورت ضمنی کہانی بن جاتا ہے۔
دوستوں اور مداحوں کی جانب سے مبارکبادیں:
ٹی وی اداکارہ اَوِکا گور نے کمینٹ کیا کہ اے میرے خدا!!! اداکارہ مونالِیسا نے لکھا کہ مبارک ہو… خدا آپ دونوں کو خوش رکھے۔اداکارہ کِشوَر مرچنٹ نے کہ کہ بہت بہت مبارک ہو۔ جبکہ شویتا تیواری نے تبصرہ کیا کہ اے خدا! میری بچی… مبارک ہو!
اداکارہ آشکا گورادیا اور گلوکار ابھجیت ساونت نے بھی جوڑے کو نیک خواہشات دیں۔
اداکار کرش پاٹھک نے بتایا کہ اگرچہ عدالت میں شادی سادہ اور نجی انداز میں ہوئی، لیکن وہ دسمبر میں ایک شاندار تقریب میں دونوں مذاہب کی روایتی رسومات کے ساتھ باضابطہ شادی کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
سارہ نے بتایا کہ ان کی اور کرش کی ملاقات تقریباً ایک سال پہلے ایک ڈیٹنگ ایپ پر ہوئی تھی۔ سارہ نے کہا کہ جب میں نے ان کی تصویر دیکھی تو مجھے فوراً ایک مانوس سا احساس ہوا۔ اگلے ہی دن دونوں کی ملاقات ہوئی، اور سارہ نے صاف کہہ دیا کہ وہ کسی وقتی رشتے کی تلاش میں نہیں بلکہ گھر بسانا چاہتی ہیں۔ مشترکہ اقدار اور ایک دوسرے کے احترام نے ان کے رشتے کو جلد ہی محبت میں بدل دیا۔
کرش پاٹھک ، جو خود بھی ایک اداکار اور فلم پروڈیوسر ہیں، سارہ اور ان کے خاندان کے لیے ایک مضبوط جذباتی سہارا بنے۔ ان دونوں کی کیمسٹری تصاویر اور عوامی مقامات پر صاف نظر آتی ہے۔ یہ سارہ خان کی دوسری شادی ہے۔ اس سے پہلے انہوں نے 2010 میں بگ باس 4 کے دوران اداکار علی مرچنٹ سے ایک اسلامی شادی کی تھی، تاہم دونوں 2011 میں علیحدہ ہو گئے۔