ممبئی/ آواز دی وائس
ریئلٹی شو ‘بگ باس 19’ کے حالیہ "ویک اینڈ کا وار" میں ناظرین کو ڈبل ایوِکشن دیکھنے کو ملا، جہاں بصیر علی اور نیہل چوڈاساما دونوں شو سے باہر ہو گئے۔ گھر سے نکلنے کے بعد دونوں نے میڈیا سے بات چیت کی، اپنی جُدوجہد کے بارے میں بتایا اور شو کے اندر موجود کنٹسٹنٹس سے متعلق کئی راز افشا کیے۔ صرف یہی نہیں، بصیر نے یہ ماننے سے بھی انکار کر دیا کہ انہیں کم ووٹ ملے۔ سابق کنٹسٹنٹ نے ہوسٹ سلمان خان اور شو کے میکرز پر بھی کئی الزامات عائد کیے اور مالتی چوہر کے تبصرے پر بھی ردِعمل دیا۔
ایوِکٹ ہونے پر یقین نہیں آیا
بصیر علی نے ایک انٹرویو میں کہا کہ میں نے جن رئیلٹی شوز کا حصہ رہا ہوں، اُن تجربات سے یہ سیکھا کہ ہر بات کو قبول کرنا چاہیے۔ ‘بگ باس’ نے مجھے بہت کچھ سکھایا۔ جب میں گھر سے باہر ہوا تو ایک لمحے کے لیے مجھے یقین ہی نہیں ہوا۔ جس دن میں باہر ہونے والا تھا، اُس صبح جب میں اُٹھا تو مجھے وہ گھر الگ محسوس ہوا جہاں میں نے 63 دن گزارے تھے۔ میں نے اسے خدا کا اشارہ سمجھا اور جب باہر آیا تو مسکراتے ہوئے نکلا۔
امال اور نیہل سے دوستی پر بیان
گھر کے اندر امال ملک اور نیہل کے ساتھ اپنی دوستی پر بصیر نے کہا کہ میں نے کچھ تبصرے پڑھے جن میں کہا گیا کہ امال اور نیہل کی دوستی نے مجھے نقصان پہنچایا، لیکن میں کسی کو الزام نہیں دیتا۔ اُن سے دوستی میرا اپنا فیصلہ تھا۔ ممکن ہے کہ کچھ لوگ امال کی باتوں یا رویّے سے خوش نہ ہوں، اسی وجہ سے نیہل کو بھی پسند نہ کرتے ہوں۔ میں اُن کے ساتھ کھڑا رہا، اور جب وہ غلط ہوئے تو میں نے انہیں سمجھایا۔ اگر یہی میری بے دخلی کی وجہ ہے، تو واقعی یہ دنیا بہت خودغرض ہے۔
نیہل کے ساتھ ’لَو اینگل‘ پر صفائی
نیہل چوڈاساما کے ساتھ جعلی "محبت کے رشتے"کے الزامات پر بصیر نے کہا کہ میں بالکل صاف تھا کہ ہم صرف دوست ہیں۔ اگر ہمیں محبت کرنے والا جوڑا کہا گیا، تو ہم نے کون سی حد پار کی؟ لوگ شہباز کے پیر دباتے ہیں، سر کی مالش کرتے ہیں، اُس کے ہاتھ پکڑتے ہیں — کیا اس کا مطلب ہے کہ وہ کسی کے ساتھ سو رہا ہے یا کوئی غلط کام کر رہا ہے؟ نہیں۔ میں اور نیہل جو بھی کرتے تھے، وہ مکمل طور پر دوستی کی حد میں تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ گھر والوں نے اسے لَو اینگل کا رنگ دے دیا۔ شو کے آخری ہفتوں میں میکرز نے صرف وہی کلپس دکھائیں جن میں میں نیہل کی گود میں لیٹا ہوا تھا۔ کیا میں ہمیشہ ایسا کرتا تھا؟ نہیں، ہم نے بہت کچھ کیا جو دکھایا نہیں گیا۔ جب مواد پر میکرز کا کنٹرول ہوتا ہے، تو وہ وہی دکھاتے ہیں جو اُنہیں مناسب لگتا ہے، اور ناظرین وہی مان لیتے ہیں۔
شو کے میکرز اور سلمان خان پر جانب داری کا الزام
بصیر علی نے ‘بگ باس 19’ کے میکرز اور سلمان خان پر جانب داری کا الزام لگایا۔ انہوں نے کہا کہ ایک ایپیسوڈ میں مالتی چوہر نے امال ملک سے اُن کی جنسی رجحان پر سوال اٹھایا تھا۔ مجھے اس بات کا علم باہر آ کر ہوا۔ سوال یہ ہونا چاہیے کہ امال نے مجھے کیوں نہیں بتایا؟ اور مالتی نے امال سے جا کر میری سیکسوالیٹی کے بارے میں کیوں پوچھا؟ وہ مجھ سے بھی پوچھ سکتی تھی۔
اصل سوال یہ ہے کہ ‘بگ باس’ اور سلمان خان نے ‘ویک اینڈ کا وار’ میں اس موضوع پر بات کیوں نہیں کی؟ اگر ایک وائلڈ کارڈ کنٹسٹنٹ، جس کا گیم صفر ہے، ایسے بے بنیاد موضوعات اٹھا رہی ہے، تو اس کے پاس اتنی ہمت کیوں نہیں تھی کہ وہ مجھ سے بات کرے؟ یہ بات کیمرے پر ہوئی تھی، تو بگ باس کی ٹیم نے اس پر کیا قدم اٹھایا؟ کیا وہ اسے اٹھانا ہی نہیں چاہتے تھے؟ کیا یہ میرے ساتھ انصاف ہے؟
میرے خلاف باتیں اُچھالی گئیں
انہوں نے مزید کہا کہ جب میں نے کنٹسٹنٹس کی کوالٹی پر ‘شِٹ’ کہا، تو اسے بڑا مسئلہ بنا دیا گیا۔ فرح خان نے مجھے ڈانٹا اور میں منفی کردار بن گیا۔ لیکن جب گورو نے امال سے کہا کہ تم تو اچھی فیملی سے آتے ہو’ اور میری طرف اشارہ کر کے کہا کہ ‘یہ لوگ تو ایسے ہیں’ تو کسی نے اس بات کو نہیں اٹھایا۔ صاف نظر آتا ہے کہ وہ ان باتوں کو نظرانداز کرنا چاہتے تھے، کیونکہ یہ اُن کے فائدے میں نہیں تھا۔