ممبئی/ آواز دی وائس
سلمان خان کی طویل عرصے سے منتظر فلم میں امیتابھ بچن کے شامل ہونے کی خبریں گردش میں ہیں۔ دراصل، حال ہی میں ایک تصویر سامنے آئی ہے جس میں امیتابھ بچن فلم کے ڈائریکٹر اپورو لکیہ کے ساتھ فلم "بیٹل آف گلوان" کے سیٹ پر نظر آ رہے ہیں۔
ڈائریکٹر اپورو لکیہ نے اپنے سرکاری سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر امیتابھ بچن کے ساتھ ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ سوچیے وہ مجھ سے کیا کہہ رہے ہیں؟
یہ تصویر سامنے آتے ہی یہ قیاس آرائیاں شروع ہو گئیں کہ امیتابھ بچن فلم کا حصہ بن چکے ہیں، اگرچہ اب تک اس بارے میں کوئی سرکاری اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو یہ سلمان خان اور امیتابھ بچن کی چوتھی فلم ہوگی۔ اس سے قبل دونوں نے "بابول"، "باغبان" اور "گاڈ تسی گریٹ ہو" جیسی فلموں میں ایک ساتھ کام کیا ہے۔ اس کے علاوہ فلم "ہیلو برادر" میں امیتابھ بچن کی آواز بطور نریٹر شامل تھی۔
گووندا اور سلمان 18 سال بعد پھر ایک ساتھ
حال ہی میں گووندا نے بھی فلم بیٹل آف گلوان کی شوٹنگ شروع کی ہے۔ اس فلم کے ذریعے سلمان خان اور گووندا کی جوڑی 18 سال بعد بڑے پردے پر واپس آ رہی ہے۔ اس سے پہلے دونوں نے سال 2007 میں "پارٹنر" اور "سلامِ عشق" جیسی فلموں میں ساتھ کام کیا تھا۔ اس کے علاوہ سلمان خان نے گووندا کی فلم "دیوانے مستانے" میں مہمان کردار بھی ادا کیا تھا۔
فلم کی شوٹنگ اور کاسٹ
اپورو لکیہ کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم بیٹل آف گلوان کی شوٹنگ تقریباً مکمل ہو چکی ہے۔ فلم کا دوسرا شیڈول 10 اکتوبر سے ممبئی میں شروع ہوا۔اس فلم میں سلمان خان کے ساتھ چترانگدا سنگھ، انکور بھاٹیہ، ابھلاش چودھری، وپن بھارتی، سدھارتھ مولی اور زین شو بھی اہم کرداروں میں ہیں۔ فلم آئندہ سال بڑے پردے پر ریلیز ہونے کی امید ہے۔
فلم کی کہانی
یہ فلم لداخ کے ایل اے سی کے قریب واقع گلوان وادی میں ہندوستان اور چین کے درمیان بغیر ہتھیاروں کے ہوئی جھڑپ پر مبنی ہے۔ 1962 کی ہندوستان-چین جنگ کے بعد یہ علاقہ مسلسل حساس بنا رہا۔ 2020 کے آغاز میں دونوں ملکوں کے فوجی ایل اے سی کے مختلف حصوں میں آمنے سامنے آنے لگے۔ چین کی فوج نے گلوان علاقے میں ڈھانچے اور خیمے لگانے شروع کیے، جس پر ہندوستان نے اعتراض کیا۔ 15 جون 2020 کی رات، ہندوستانی فوج کی 16 بہار رجمنٹ کے جوان کرنل سنتوش بابو کی قیادت میں چین کے فوجیوں سے بات چیت کرنے گلوان وادی پہنچے تاکہ تنازع کو کم کیا جا سکے، مگر بات چیت پرتشدد جھڑپ میں بدل گئی۔ دونوں طرف کے فوجیوں نے بغیر ہتھیاروں کے ڈنڈوں، لوہے کی سلاخوں اور پتھروں سے ایک دوسرے پر حملہ کیا۔
اس لڑائی میں 20 ہندوستانی فوجی شہید ہوئے، جن میں کرنل سنتوش بابو بھی شامل تھے۔ چین نے اپنے کم از کم 4 فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی، اگرچہ ہندوستان کا کہنا تھا کہ یہ تعداد اس سے کہیں زیادہ تھی۔
اس جنگ میں کرنل سنتوش بابو کا کردار سلمان خان ادا کر رہے ہیں۔