آریان کی حمایت میں ریتک : مافیا کے تمام پپو آریان کی حمایت میں آگئے، کنگنا

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 08-10-2021
 اداکارہ کنگنا رناوت
اداکارہ کنگنا رناوت

 

 

بالی ووڈ کی متنازع بیانات دینے کے حوالے سے معروف اداکارہ کنگنا رناوت نے انڈسٹری کے ایک اور مشہور اسٹار ہریتھک روشن کی جانب سے شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی حمایت میں ایک کھلا خط تحریر کرنے پر کہا ہے کہ مافیا کے تمام پپو آریان کی حمایت میں آگے آگئے ہیں۔

یاد رہے کہ شاہ رخ کے بیٹے آریان کو اتوار کو ممبئی میں نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے گوا جانے والی کروز شپ میں ایک مبینہ منشیات استعمال کرنے والی پارٹی میں موجودگی پر گرفتار کرلیا تھا۔ کنگنا نے اپنے انسٹاگرام اسٹوریز پر ایک پیغام شیئر کیا ہے اور کہا ہے کہ آریان کی غلطی سے اس کو درستگی میں مدد تو کرنا چاہیے، لیکن معاف کرنا درست نہیں، اب تمام مافیا پپو ان کی مدد کو آگئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم غلطیاں کرتے ہیں لیکن اس کو تعریف و توصیف کا حصہ نہیں بنانا چاہیے، مجھے پورا بھروسہ ہے کہ یہ معاملہ آریان کو یہ سکھائے گا کہ ہر عمل کا ایک نتیجہ ضرور نکلتا ہے اور یہی چیز اسے اچھا اور بہتر بنانے کے کام آئے گی۔ کنگنا نے کہا کہ جب کوئی خطرات میں ہو تو اس پر سرگوشیاں تو ٹھیک نہیں لیکن یہ کہنا کہ تم نے کوئی غلطی نہیں کی مجرمانہ عمل ہوگا۔ واضح رہے کہ ہریتھک روشن نے اپنے خط میں آریان خان کی کیفیت بیان کرتے ہوئے ان سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔