عامر خان کی باندرہ رہائش گاہ پر 25 آئی پی ایس افسران کا دورہ

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 28-07-2025
عامر خان کی باندرہ رہائش گاہ پر 25 آئی پی ایس افسران کا دورہ
عامر خان کی باندرہ رہائش گاہ پر 25 آئی پی ایس افسران کا دورہ

 



ممبئی:   بالی ووڈ کے معروف اداکار عامر خان، جن کی حالیہ بلاک بسٹر فلم ستارے زمین پر نے زبردست کامیابی حاصل کی ہے، ایک مرتبہ پھر خبروں کی زینت بن گئے ہیں، جب اُن کے گھر کے باہر 25 آئی پی ایس افسران کو دیکھا گیا۔ اس واقعے کی متعدد ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں۔

ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پولیس کی کئی گاڑیاں عامر خان کے گھر سے نکل رہی ہیں، جس سے بالی ووڈ انڈسٹری میں ہلچل مچ گئی ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق پولیس ٹیم نے عامر خان سے ملاقات کے لیے ان کے گھر کا دورہ کیا، تاہم ابھی تک اس بارے میں کوئی سرکاری تصدیق نہیں ہوئی۔ اس کے باوجود، ان مناظر نے مداحوں میں تشویش پیدا کر دی ہے۔

ویڈیو میں ایک بس اور کئی پولیس گاڑیاں عامر خان کے گھر سے روانہ ہوتے دیکھی جا سکتی ہیں، تاہم ان کے دورے کی اصل وجہ تاحال سامنے نہیں آ سکی ہے۔

یہ ویڈیو اس خبر کے بعد سامنے آئی ہے کہ این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق عامر خان اور امیتابھ بچن کی رولز رائس کاریں، جو اداکاروں کے نام پر رجسٹرڈ تھیں، ان پر کرناٹک کے دارالحکومت میں روڈ ٹیکس ادا نہ کرنے پر بالترتیب 18 لاکھ اور 19 لاکھ روپے سے زائد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ فی الحال یہ گاڑیاں ایک مقامی تاجر اور سیاستدان یوسف شریف کی ملکیت میں ہیں۔

ادھر سوشل میڈیا پر کئی مداحوں نے قیاس آرائیاں کی ہیں کہ شاید آئی پی ایس افسران عامر خان کی حالیہ ریلیز ہونے والی فلم دیکھنے کے لیے ان کے گھر آئے تھے۔ عامر خان اس سے پہلے بھی اپنی فلم ستارے زمین پر کی خاص اسکریننگ بولی وڈ ستاروں اور نمایاں شخصیات کے لیے کر چکے ہیں، اور انہوں نے کئی وزراء اور عوام کے لیے بھی خصوصی نمائش کا اہتمام کیا تھا۔

فلم ستارے زمین پر 20 جون کو سینماؤں میں ریلیز ہوئی تھی۔ اس فلم میں عامر خان ایک باسکٹ بال کوچ کا کردار ادا کر رہے ہیں، جو ڈرنک اینڈ ڈرائیونگ کے بعد بطور سزائے خدمت، نیوروڑائیورجنٹ (ذہنی طور پر مختلف) بالغ افراد کو تربیت دیتے ہیں۔ یہ تجربہ ان کی زندگی کا نظریہ بدل دیتا ہے۔ آر ایس پرسنا کی ہدایت کاری میں بننے والی یہ فلم عامر خان پروڈکشنز کے بینر تلے تیار ہوئی ہے اور اس میں جنیلیا ڈیسوزا اور 10 نئے فنکاروں نے بھی اداکاری کی ہے۔