ممبئی/ آواز دی وائس
حال ہی میں اداکار و پروڈیوسر وشنو وشال اور بیڈمنٹن کھلاڑی جویلا گٹہ نے اپنی بیٹی کے لیے نام رکھنے کی ایک خاص تقریب کا اہتمام کیا۔ بالی وُڈ اداکار عامر خان بھی اس تقریب میں شریک ہوئے۔ اس کے لیے اداکار حیدرآباد پہنچے تھے۔ عامر خان نہ صرف اس تقریب میں شامل ہوئے بلکہ انہوں نے اس جوڑے کی بیٹی کا نام بھی رکھا۔ مسٹر پرفیکشنسٹ نے اس جوڑے کی بیٹی کا نام 'میرا' رکھا ہے۔
جویلا اور ان کے اداکار شوہر وشنو وشال نے اس خاص موقع کی تصاویر اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کی ہیں اور ساتھ ہی عامر خان کے لیے شکریہ کا پیغام بھی لکھا ہے۔ وشنو وشال لکھتے ہیں کہ ہماری میرا سے ملیے... ہماری بیٹی کا نام
رکھنے کے لیے حیدرآباد تک آنے پر عامر خان سر کا بہت شکریہ۔ 'میرا' غیر مشروط محبت اور سکون کی علامت ہے۔ عامر سر کے ساتھ اس سفر کا تجربہ جادوئی رہا۔ ہماری بیٹی کو اتنا خوبصورت نام دینے کے لیے عامر سر کا شکریہ۔
اسی تقریب کی تصویر شیئر کرتے ہوئے جویلا گٹہ نے لکھا کہ ہماری 'میرا'! اس سے زیادہ کچھ نہیں مانگا جا سکتا۔ عامر، آپ کے بغیر یہ سفر ممکن نہیں تھا۔ ہم آپ سے محبت کرتے ہیں۔ اتنا خوبصورت اور بامعنی نام دینے کے لیے شکریہ۔
واضح رہے کہ وشنو وشال اور جویلا گٹہ نے کچھ سال کی دوستی کے بعد سال 2021 میں شادی کی تھی۔ دونوں نے اپنی پانچویں شادی کی سالگرہ پر بیٹی کا استقبال کیا۔ عامر خان اور وشنو وشال اچھے دوست بھی ہیں۔ ان دونوں کی دوستی سال 2023 سے ہے، جب دونوں تمل ناڈو میں آئے طوفان کے دوران پھنس گئے تھے۔ بعد میں فائر اینڈ ریسکیو ٹیم نے انہیں کراپکم میں بچایا تھا۔
اس وقت وشنو وشال نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر ایک تصویر شیئر کی تھی، جس میں وہ، اجیت اور عامر خان ساتھ نظر آ رہے تھے۔ وشنو نے ایکس پر لکھا تھا کہ ایک مشترکہ دوست کے ذریعے ہماری حالت جاننے کے بعد، ہمیشہ مدد کرنے والے اجیت سر ہم سے ملنے آئے اور ہمارے ولا کمیونٹی کے افراد کی سفر کی سہولت کے لیے مدد کی… اجیت سر، آپ سے محبت ہے۔