ستارے زمین پر- یوٹیوب موویز آن ڈیمانڈ پر ریلیز ہوگی

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 29-07-2025
Aamir Khan launches 'Sitaare Zameen Par' on YouTube movies on demand
Aamir Khan launches 'Sitaare Zameen Par' on YouTube movies on demand

 



ممبئی (پی ٹی آئی)۔ بالی ووڈ کے سپر اسٹار عامر خان نے منگل کے روز اعلان کیا کہ ان کی تازہ ترین فلم "ستارے زمین پر" اب تھیٹرز میں نمائش کے بعد یوٹیوب موویز آن ڈیمانڈ پر دستیاب ہوگی۔پریس ریلیز کے مطابق، یکم اگست سے یہ فلم بھارت میں یوٹیوب پر صرف 100 روپے میں دیکھی جا سکے گی، جبکہ امریکہ، کینیڈا، برطانیہ، آسٹریلیا، جرمنی، انڈونیشیا، فلپائن، سنگاپور، اسپین سمیت 38 بین الاقوامی منڈیوں میں بھی مقامی قیمتوں پر دستیاب ہوگی۔ہدایتکار آر ایس پراسانا کی زیر ہدایت بننے والی یہ فلم جون میں بھارت بھر کے سینما گھروں میں ریلیز ہوئی تھی اور اب تک 250 کروڑ روپے سے زیادہ کما چکی ہے۔ فلم کو اس کی جذباتی کہانی اور اداکاروں کی شاندار کارکردگی پر خوب سراہا گیا۔

عامر خان نے کہا کہ گزشتہ 15 برسوں سے میری یہ جدوجہد رہی ہے کہ میں اُن ناظرین تک پہنچ سکوں جو جغرافیائی اعتبار سے سینما گھروں تک رسائی نہیں رکھتے یا جو کسی وجہ سے سینما نہیں جا سکتے۔انہوں نے مزید کہا کہ اب وہ وقت آ گیا ہے جب تمام حالات ایک دوسرے کے موافق ہو گئے ہیں۔ حکومت کی جانب سے UPI متعارف کرائے جانے، بھارت میں الیکٹرانک ادائیگیوں میں دنیا بھر میں نمبر 1 ہونے، انٹرنیٹ کی تیز رفتاری سے بڑھتی ہوئی رسائی اور یوٹیوب کے ہر ڈیوائس پر دستیاب ہونے کے باعث، ہم آخرکار بھارت کے ایک بڑے طبقے اور دنیا بھر کے ناظرین تک پہنچنے کے قابل ہو گئے ہیں۔"

عامر خان کا کہنا تھا کہ ان کا خواب ہے کہ سینما ہر کسی تک ایک مناسب اور سستی قیمت پر پہنچے۔میں چاہتا ہوں کہ لوگ اپنی سہولت کے مطابق، جب چاہیں، جہاں چاہیں فلم دیکھ سکیں۔ اگر یہ ماڈل کامیاب ہوتا ہے تو تخلیقی افراد جغرافیائی سرحدوں اور دیگر رکاوٹوں کو توڑ کر نئی کہانیاں سنا سکیں گے۔یہ فلمی دنیا میں نئے آنے والے نوجوان تخلیق کاروں کے لیے بھی ایک شاندار موقع ہو گا۔ اگر یہ تجربہ کامیاب ہوا، تو میں اسے ہر کسی کے لیے فائدہ مند دیکھتا ہوں۔ستارے زمین پر کو 2007 کی شہرہ آفاق فلم "تارے زمین پر" کا روحانی تسلسل کہا جا رہا ہے۔ یہ فلم ایک باسکٹ بال کوچ (عامر خان) کی کہانی بیان کرتی ہے جو دس خصوصی ضروریات کے حامل نوجوانوں کو تربیت دیتا ہے۔ یہ فلم ہسپانوی فلم "Champions" کا ری میک ہے۔

فلم میں عامر خان کے علاوہ عروش دتہ، گوپی کرشنا ورما، سموِت دیسائی، ویدانت شرما، آیوش بھنسالی، آشش پینڈسے، رشی شہانی، رشب جین، نمن مشرا اور سمرن منگیشکر شامل ہیں۔ جنیلیا ڈی سوزا نے بھی ایک اہم کردار ادا کیا ہے۔یوٹیوب انڈیا کی کنٹری منیجنگ ڈائریکٹر گنجن سونی نے کہا کہ فلم 'ستارے زمین پر' کا یوٹیوب پر خصوصی ڈیجیٹل اجرا بھارتی فلموں کی عالمی سطح پر تقسیم کو جمہوری بنانے کی طرف ایک اہم قدم ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یوٹیوب پہلے ہی اعلیٰ معیار کے ڈیجیٹل مواد کے لیے ایک مرکزی پلیٹ فارم ہے، اور ہم فلم سازوں کو نہ صرف اپنی بے مثال رسائی فراہم کر رہے ہیں بلکہ یہ سہولت بھی دے رہے ہیں کہ وہ اپنے ناظرین تک اپنی پسند کے انداز میں پہنچ سکیں۔ آج کی ریلیز صرف ایک فلم کا اجرا نہیں بلکہ یوٹیوب بھارتی سینما کو عالمی اسٹیج پر لانے کے لیے سرخ قالین بچھا رہا ہے۔"عامر خان ان دنوں دو فلمیں پروڈیوس کر رہے ہیں: "لاہور 1947" (اداکار سنی دیول اور پریتی زنٹا کے ساتھ) اور "ایک دن" (اداکار جُونید خان اور سائی پَلّوی کے ساتھ)، دونوں عامر خان پروڈکشنز کے بینر تلے بن رہی ہیں۔