مانو میں بٹن مسالہ ٹیکنیک سے ملبوسات کی تیاری پر ورکشاپ

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 02-12-2022
مانو میں بٹن مسالہ ٹیکنیک سے ملبوسات کی تیاری پر ورکشاپ
مانو میں بٹن مسالہ ٹیکنیک سے ملبوسات کی تیاری پر ورکشاپ

 

 

حیثرآباد : مولانا آزاد نیشنل اُردو یونیورسٹی میں سمانا کالج آف ڈیزائن اسٹڈیز کے اشتراک سے فیشن و انٹیریر ڈیزائننگ کورسز مرکز برائے مطالعاتِ اردو ثقافت کی عمارت میں چلائے جارہے ہیں۔ اس سلسلے میں آج ”بٹن مسالہ ٹیکنیک“ ایک روزہ ورکشاپ کا انعقاد عمل میں آیا۔

اس موقع پر صدارتی تقریر کرتے ہوئے پروفیسر سید عین الحسن، وائس چانسلر نے کہا کہ یونیورسٹی میں فیشن ڈیزائننگ کورس کے آغاز سے ہم دوسروں کو ایک نمونہ پیش کر رہے ہیں۔ لڑکیوں کے لیے یہ کورس خود کفیل بننے کی سمت ایک بڑا قدم ہے۔ کاروبار میں مندی آتی ہے لیکن فیشن ڈیزائن ایک ایسا پیشہ ہے جس میں مندی نہیں آتی۔ ابھی ہم نے یہاں فیشن و انٹیریر ڈیزائن کے کورسز کا آغاز کیا ہے۔ اس کے بہترین نتائج شائد فوری نہیں آئیں گے۔ وقت لگے گا۔ اور پھر ایسا موقع آئے گا کہ یہاں کے طلبہ قومی و بین الاقوامی سطح پر اپنا لوہا منوائیں گے۔

ممتاز ڈیزائنر جناب انوج شرما، جو اس تکنیک کے بانی ہے نے حاضرین کے سامنے بتایا کہ کس طرح بٹن اور ربر بینڈ کی مدد سے بنا کپڑا کاٹے اور سیئے مختلف ملبوسات، پرس وغیرہ بنائے جاسکتے ہیں اور پھر انہیں کھول کر دوسری شکل دی جاسکتی ہے اور انہیں دھویا بھی جاسکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایک کپڑے سے تقریباً دو لاکھ مختلف نوعیت کے ملبوسات تیار کیے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے یہ تکنیک 20 ممالک میں پر ورکشاپ میں لوگوں کو سکھائی ہے۔ پروفیسر اشتیاق احمد، رجسٹرار؛ جناب الطاف حسین، ایس سی ڈی ایس اور محترمہ سمانا موسوی، صدر نشین ، سمانا بھی موجود تھیں۔ محترمہ شیبا عباس، سی ای او سمانا نے کارروائی چلائی۔