اردو کے فروغ کے لیے گھر گھر جانا ہوگا: عمران حسین

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 30-03-2022
اردو کے فروغ کے لیے گھر گھر جانا ہوگا: عمران حسین
اردو کے فروغ کے لیے گھر گھر جانا ہوگا: عمران حسین

 

 

آواز دی وائس، نئی دہلی

اردو اور ہندی آپس میں بہنیں ہیں، ہمیں اردو کو فروغ دینے کے لیے مشاعروں کے ساتھ ساتھ اردو کو گھر گھر پہنچانا ہوگا۔ دہلی والوں کو اردو کیسے سکھائی جائے اس کے لیے بہت کام کرنے کی ضرورت ہے۔

یہ بات مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے عمران حسین وزیر برائے خوراک و رسد حکومت دہلی نے اردو اکادمی، دہلی کی جانب سے جلسہ تقسیم انعامات برائے تعلیمی و ثقافتی مقابلے طلبا و طالبات2019-20 میں شرکت کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہاکہ اردو کو محدود نہیں رکھا جانا چاہیے اسے بلاتفریق مذہب و ملت سبھی طبقوں میں پہنچانے کی ضرورت ہے۔انھوں نے اپنی گفتگو کے اختتام پر انعام یافتہطلبا اور ان کے والدین و اساتذہ کو مبارک باد پیش کی۔

مہمانِ اعزازی کی حیثیت سے ہمالیہ ڈرگ کے چیئرمین ڈاکٹر سید فاروق نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ہم اردو کتنی پڑھتے ہیں، ہماری بول چال میں اردو کا کتنا استعمال کیا جاتا ہے، اس پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

انھوں نے اردو کے تلفظ پر خصوصی توجہ دلائی اور اس بات پر زور دیا کہ اردو کی چاشنی تلفظ میں ہی پوشیدہ ہے۔ اکادمی کے وائس چیئرمین حاجی تاج محمد نے اپنی صدارتیتقریر میں کہا کہ اردو اکادمی،دہلی اس قسم کے پروگرام بچوں کو ترغیب دینے کے لیے کرتی رہتی ہے تاکہ ان کی حوصلہ افزائی ہو۔

انھوں نے انعام یافتہ طلبا و طالبات اور ان کے والدین و اساتذہ کو مبارک باد بھی پیش کی۔

قبل ازیں اردو اکادمی دہلی کے سکریٹری محمد احسن عابد نے استقبالیہ کلمات پیش کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دو برسوں میں جو حالات رہے، اس کے سبب پروگرام نہیں ہوسکے۔ پابندیوں کے باوجود اس پروگرام کے انعقاد کی کوشش کی گئی، یہ پروگرام اس اعتبار سے مختلف ہے کیوں کہ یہ پروگرام اردو کے مستقبل کاہے۔ہم خود کو اہل زبان کہتے ہیں تو ہم اردو کے لیے کیا کر رہے ہیں۔

ہم اردو کو اپنی وراثت کا حصہ سمجھتے ہیں تو ہمیں اس وراثت کو آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔تقسیم انعامات تقریب کی نظامت کے فرائض ریشماں فاروقی نے انجام دیے اورذیشان ضمیر نے غزل سرائی کا پروگرام پیش کیا۔

اس موقع پر سید احمد اقبال، چانسلر حلیمہ عزیز یونیورسٹی منی پور، اکادمی کی گورننگ کونسل کے ممبران میں جناب اسرار قریشی، تعلیمی کمیٹی کے کنوینر نفیس منصوری، منے خاں، سلیم صدیقی، محترمہ شبانہ خان، محمود خاں اورطلبا کے والدین و اساتذہ و دیگر متعدد اہم شخصیات نے شرکت کی۔

واضح رہے کہ اردو اکادمی، دہلی کی جانب سے2/دسمبر سے13/دسمبر2019ء تک اسکولی طلبا و طالبات کے درمیان تعلیمی و ثقافتی مقابلے منعقد کیے گئے تھے،جس میں غزل سرائی، تقریر، فی البدیہہ تقریر، بیت بازی، سوال و جواب (کوئز) اردو ڈراما، مضمون نویسی و خطوط نویسی، خوشخطی اور امنگ پینٹنگ مقابلے شامل تھے،لیکن کورونا وبا کے سبب انعامات تقسیم نہیں کیے گئے تھے۔

لہٰذاآج اردو اکادمی، دہلی کی جانب سے منعقدہ پر وقار تقریب میں اول، دوم، سوم اور حوصلہ افزا انعامات حاصل کرنے والے طلبا و طالبات اور ان کی متعلقہ ٹیموں کو نقد انعامات، مومینٹو/ شیلڈ اور اسنادسے نوازا گیا۔ جس میں مجموعی طور پر 4لاکھ 37ہزار روپے نقد278 طلبا و طالبات کوبطورانعامات تقسیم کیے گئے۔