این آئی آر ایف 2021: چھٹی پوزیشن پرجامعہ میں خوشی کی لہر

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 10-09-2021
این آئی آر ایف2021: چھٹا رینک ملنے پرجامعہ میں خوشی کی لہر
این آئی آر ایف2021: چھٹا رینک ملنے پرجامعہ میں خوشی کی لہر

 


آواز دی وائس، نئی دہلی

این آئی آر ایف۔2021 میں جامعہ ملیہ اسلامیہ کو چھٹی پوزیشن حاصل ہونے پر کیمپس میں خوشی کی لہرہے۔

اسٹاف ایسوسی ایشن نے اس شاندار کامیابی کے لیے شیخ الجامعہ کی ستائش کی ہے۔

این آئی آرایف۔2021میں بہتر رینکنگ کے ساتھ ہی جامعہ ملیہ اسلامیہ کے تینوں اسٹاف ایسوسی ایشنز نے یونیورسٹی کی اس شاندار کامیابی کے لیے پروفیسر نجمہ اختر، شیخ الجامعہ کی فعال قیادت کی تعریف کی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ ملک کی دس بہترین یونیورسٹیوں میں جامعہ کو چھٹا مقام حاصل ہوا ہے اورمجموعی زمرے میں گزشہ سال کے سولہویں مقام کے مقابلے میں تیرہویں مقام پر رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہے۔

جامعہ ٹیچرز ایسو سی ایشن (جے ٹی اے) کے سیکریٹری ڈاکٹر محمد عرفان قریشی کی جانب سے جاری بیان میں اس شاندار کامیابی کے لیے پوری جامعہ برادری کو مبارک با دپیش کرتے ہوئے کہا گیاہے کہ”یہ خبر موصول ہوتے ہی پورے کیمپس میں جشن کا ماحول ہے۔پروفیسر نجمہ اختر شیخ الجامعہ کی فعال اور سرگرم قیادت میں اتنی اچھی پوزیشن حاصل کرنا خود اس بات کا اعلان ہے کہ جامعہ ملیہ اسلامیہ میں انتہائی اعلی معیار کی تدریسی اور تحقیقی سرگرمیاں جاری ہیں۔

انھوں مزید کہا کہ”جامعہ کے اساتذہ نے اس کامیابی کے حصول میں نیز پائے دار اور معیاری علمی ماحول فراہم کرنے میں جواپنا بیش تعاون پیش کیا ہے وہ بھی لائق ستائش ہیں۔“

جامعہ ایڈمنسٹریٹیو اسٹاف ایسوسی ایشن(جے اے ایس اے) کے جنرل سیکریٹر ی جناب نسیم احمد نے اپنے بیان میں کہاکہ پروفیسر نجمہ اختر،شیخ الجامعہ کی اہل اور انتظامی دوراندیشی اور ان کی رہنمائی میں یونیورسٹی کا سفر مسلسل آگے کی طرف رواں دواں ہے جس کی واضح مثال این آئی آر ایف کی تازہ جاری شدہ رینکنگ ہے۔

جاسا نے اس اہم کامیابی کے لیے شیخ الجامعہ، اساتذہ، مسجل ڈاکٹر ناظم حسین الجعفری کو مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ پروفیسر نجمہ اختر کی قیادت اور سرپرستی میں یونیورسٹی کامیابی کے اس سفر کو جاری رکھے گی۔

یونیورسٹی کے ایس آرکے اسٹاف ایسوسی ایشن نے اس کامیابی کے لیے شیخ الجامعہ اور جامعہ برادری کو مبارک باد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ وہ (شیخ الجامعہ) یونیورسٹی کو مزید بلندیوں تک لے جانے کے لیے اپنی محنت اور کاوش جاری رکھیں گی۔

ایسو سی ایشن نے یونیورسٹی کی ترقی و بہبود میں شیخ الجامعہ کی ہر ممکن مددفراہم کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی۔