مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں "وزٹ اردو یونیورسٹی" پروگرام کا آغاز

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 05-08-2025
مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں
مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں "وزٹ اردو یونیورسٹی" پروگرام کا آغاز

 



 حیدرآباد:"جس کورس میں آپ دلچسپی رکھتے ہیں، اس میں داخلے کے لیے محنت اور یکسوئی سے پڑھائی کریں، اور یہ خواہش رکھیں کہ ایک دن MANUU میں داخلہ لیں"۔ ان خیالات کا اظہار مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی (مانو) کے رجسٹرار پروفیسر اشتیا ق احمد نے آج "وزٹ اردو یونیورسٹی" پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

یہ پروگرام اردو میڈیم سے وابستہ سرکاری اسکولوں کے طلبہ کے لیے شروع کیا جا رہا ہے، جو آئندہ آٹھ ماہ تک جاری رہے گا۔ اس پروگرام کو مانو کے شعبہ برائے سابق طلبہ اور مانو المونی ایسوسی ایشن (MAA) حیدرآباد چیپٹر کے اشتراک سے منعقد کیا جا رہا ہے۔ اس کے تحت ہر ہفتے مختلف اسکولوں کے طلبہ کو یونیورسٹی کے دورے پر مدعو کیا جائے گا تاکہ وہ مانو کے تعلیمی ماحول، کورسز اور مواقع سے واقف ہو سکیں۔ افتتاحی دن تین سرکاری اسکولوں کے طلبہ نے مانو کیمپس کا دورہ کیا۔

 اپنی تقریر میں پروفیسر اشتیا ق احمد نے حیدرآباد سے مانو میں داخلہ لینے والے طلبہ کی کم تعداد پر تشویش کا اظہار کیا، تاہم انہوں نے اس بات پر اطمینان ظاہر کیا کہ المونی ایسوسی ایشن کی جانب سے ریگولر کورسز کے لیے شعور بیدار کرنے کی مہم کے نتیجے میں مقامی سطح پر اس سال داخلوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ انہوں نے تجویز دی کہ اسکول کے طلبہ کو آزاد ڈے تقاریب میں بھی مدعو کیا جائے تاکہ وہ یونیورسٹی کی ادبی اور ثقافتی سرگرمیوں سے لطف اندوز ہو سکیں۔اس موقع پر رجسٹرار نے اسکول اساتذہ کو اعزازات سے نوازا اور مانو کے فاصلاتی نظام تعلیم کے داخلوں کا پوسٹر بھی جاری کی

 پروفیسر سید نجم الحسن، کوآرڈینیٹر شعبہ المونی نے کہا کہ بعض لوگ سمجھتے ہیں کہ اردو میڈیم سے تعلیم حاصل کر کے ترقی ممکن نہیں، لیکن مانو کے طلبہ نے یہ تصور غلط ثابت کر دیا ہے۔ ہمارے فارغ التحصیل طلبہ آج دنیا کے بہترین اداروں میں سسٹم اینالسٹ، کاروباری شخصیات اور علمی مناصب پر فائز ہیں۔ ہمارے طلبہ اردو اور انگریزی دونوں زبانوں میں مہارت رکھتے ہیں اور ہمارے اساتذہ بھی اعلیٰ قابلیت کے حامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ آج کے پروگرام میں تقریباً 160 طلبہ نے شرکت کی۔

MAA کے صدر جناب اعجاز علی قریشی ایڈوکیٹ نے افتتاحی کلمات میں ایسوسی ایشن کی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی اور یونیورسٹی انتظامیہ کو یقین دلایا کہ ان کی مدد سے نہ صرف حیدرآباد بلکہ پورے تلنگانہ سے مزید طلبہ کے داخلے کو ممکن بنایا جائے گا۔پروگرام کی نظامت ڈاکٹر محمد مصطفیٰ علی سروری (پی آر او) نے انجام دی جبکہ شکریہ کی رسم مانو المونی ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری جناب ناصر حسین شعیب نے ادا کی